سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ دنیا سے رخصت،پاکستان کا اظہار افسوس


دوحہ،اسلام آباد: (مشرق نیوز،بیورورپورٹ)سابق امیر قطر شیخ حمد بن خلیفہ الثانی 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے،قطر نے 4 روزہ سوگ کا اعلان کردیا،قومی پرچم سرنگوں رہے گا،دوحہ کی جامع مسجد امام محمد بن عبدالوہاب میںنماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد لوسیل قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

شیخ حمد نے 1995 سے 2013 تک قطر پر حکومت کی اور پھر اقتدار بیٹے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے سپرد کیا، سابق امیر کے دور میں قطر مائع قدرتی گیس کی پیداوار و برآمدات کا مرکز بنا، شیخ حمد بن خلیفہ الثانی کو جدید قطر کا معمار تصور کیا جاتا ہے، 18 سالہ دور حکومت میں خلیجی ریاست کو عالمی سفارت کاری، سرمایہ کاری، توانائی ، میڈیا کے میدان میں نمایاں مقام دلایا، مرحوم کے دور میں قطر نے نہ صرف اقتصادی ترقی کی نئی مثال قائم کی بلکہ عالمی سطح پر اپنا سیاسی و سفارتی اثر و رسوخ بھی بڑھایا۔

دوسری جانب صدر آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف ،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا شیخ حمد بن خلیفہ الثانی عظیم رہنما و مدبر سیاست دان تھے، قطر کو جدید و خوشحال ریاست بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا،غم کی گھڑی میں پاکستان قطر کےساتھ مکمل یکجہتی کےساتھ کھڑا ہے، مرحوم کی پاکستان سے محبت و خلوص کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔