ہمسایہ ممالک یا خطے کی اسلامی ریاستوں سے تصادم کا کوئی ارادہ نہیں،ایران

تہران:(مشرق نیوز)ایرانی فوج نے کہاہے امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو جنگ نئے محاذوں تک پھیل جائےگی، ابھی اپنی تمام عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کیا ۔

ترجمان اکرمینیا نے کہا مزید کسی بھی جارحیت پر ایران کا جواب دشمن کی توقعات سے کہیں بڑھ کر ہوگا، قومی مفادات کے دفاع کےلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے،ہمسایہ ممالک یا خطے کی اسلامی ریاستوں سے تصادم کا کوئی ارادہ نہیں، ایران ہمیشہ علاقائی ممالک کےساتھ تعاون و برادرانہ تعلقات کے فروغ پر زور دیتا آیا ہے۔

ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا مسلح افواج کی ذمہ داری ملکی سلامتی، قومی مفادات اور وقار کا تحفظ ہے، خطے سے باہر کے ممالک ایران کےساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات استوار کریں،اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ایرانی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیاتو خطے میں موجود اہم امریکی تنصیبات کو تباہ کر دیں گے،کوئی نشان باقی نہیں رہے گا،کسی بھی جارحیت کا جواب بھرپور ہوگا،ایران کسی بھی صورت امریکہ کو آبنائے ہرمز میں مداخلت کی اجازت نہیں دے گا، آبنائے ہرمز ایران کی ناقابل عبور سرخ لکیر ہے،حملے پہلے سے زیادہ شدید، زیادہ وسیع اور تباہ کن ہوں گے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہاہسپتالوں ،طبی مراکز کو نشانہ بنانا جنگی جرم ،امریکی حملے کے بعد اہواز میں بچوں کے کینسر ہسپتال کو ہنگامی طور پر خالی کرانا پڑا،ہسپتال کے قریب ہونے والے امریکی حملے کے باعث کیموتھراپی کے زیر علاج 211 بچوں کو فوری طور پر دیگر طبی مراکز میں منتقل کیا گیا۔