لاہور:(نمائندہ خصوصی) پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کا پرجوش خیر مقدم ،وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین دفاعی معاہدے کوامتِ مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ قرار دےدیا۔
وزیر اعلیٰ نے وزیراعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان اور سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مسلم دنیا کے اتحاد کی کاوشوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے دنیا کو ایک پیغام ملا مسلم دنیا متحد ہے ،مکہ مکرمہ کی چھاوں تلے تین بڑی معاشی،عسکری و سیاسی طاقتوں کا یکجا ہونا پوری امت کیلئے خوشخبری ہے۔
مریم نواز نے کہا پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا مشترکہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے نئے باب کا آغاز ہے،وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی و ترک قیادت کےساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،پاکستان ہمیشہ عالمی سطح پر مسلم اتحاد اور اجتماعی سلامتی کا علم بردار رہے گا،باہمی دفاعی معاہدے سے نہ صرف ہماری سرحدیں محفوظ ہوں گی بلکہ امت مسلمہ کا سر فخر سے بلند ہوا،کسی ایک ملک پر حملہ، سب پر حملہ تصور ہوگا ،مکہ دفاعی معاہدے نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر مہر ثبت کر دی، پاکستان ہمیشہ ایسے اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو مسلم دنیا کے اتحاد،اجتماعی سلامتی اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنائیں ۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازنے مون سون کے فوراً بعد ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کے سروے کی ہدایت کی اورپنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی جلد تکمیل کا حکم دیا، مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اورتفصیلی بریفنگ دی گئی، پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک پر اجلاس میں شرکت کی،وزیراعلیٰ نے سیوریج اورڈرینج پراجیکٹس پر ایمپکٹ سٹڈی رپورٹ طلب کرلی،اس موقع پر وہاڑی،بوریوالا،تاندلیوالہ،جڑانوالہ،جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیروالا،چک جھمرہ، بھلوال اوراٹک میں پی ڈی پی پراجیکٹس، کمالیاں،ٹوبہ ٹیک سنگھ،گوجرہ،علی پورچٹھہ،چیچاں وطنی،ڈسکہ،لیہ،سلانوالی،وزیرآباد،بہاولنگر اورمیلسی کے پراجیکٹس کا بھی جائزہ لیاگیا۔
مریم نواز نے پی ڈی پی فیز ون کی کیس سٹڈی کی ہدایت کی، اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا 29شہروں میں انڈرگراوند سٹوریج ٹینک مکمل فنکشنل کر دیئے گئے جبکہ 21شہروں میں سٹوریج ٹینک کی تعمیر جاری ہے، وزیراعلیٰ نے ڈی سی لاہورکیپٹن علی اعجاز اورڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کو شاباش دی، مریم نواز نے کہا مختلف شہروں میں نئے سیوریج سسٹم کے بعد نکاسی آب میں واضح بہتری آئی،مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر،واسا اورستھرا پنجاب نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا،مزید بر آں وزیراعلیٰ مریم نواز نے دہشتگردوں کےخلاف سکیورٹی فورسز کی مختلف آپریشنز میں کامیابی پر اظہار تشکر کیا، مریم نواز نے اعظم ورسک اور دیر میں 10 دہشتگرد ہلاک کرنے پرسکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا دہشتگردی کےخلاف جنگ میں ہر فرد سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔
پاک،سعودیہ،ترکیہ دفاعی معاہدہ عالم اسلام کے نئے باب کا آغاز ہے،مریم نواز


















