لاہور (قاضی ندیم اقبال) ”موضع سلطانکے“ تحصیل رائیونڈ ضلع لاہورکے 53کنال2مرلے زرعی غیر مسلم وقف رقبہ کا انتظام واپس لینے کا عزم۔ایڈمنسٹریٹر لاہور زون عدنان پھلوان کی ہدایت پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور۔ٹومتروکہ وقف املاک بورڈ سہیل غنی نے زرعی رقبہ آکشن لاٹس کے عارضی پٹہ کومستقل پٹہ پر منتقل کرنے کے احکامات منسوخ کروانے کیلئے چیئر مین بورڈ کی عدالت سے رجوع کر لیاجبکہ لیگل ڈائریکٹوریٹ سے بھی معاونت طلب کر لی۔جبکہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے چیئر مین بورڈ کی جانب سے لئے گئے ایکشن کو بروقت قرار دیتے ہوئے اس معاملہ پر زیرو ٹالرنس کے تحت مزید اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کر دی۔ذرائع کے مطابق اکرم جوئیہ سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور، عمرجاوید اعوان سابق ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور۔II/حال تعینات حسن ابدال،گلشاد صدیق انسپکٹر (او پی ایس) لاہور۔II،محمد اسلم پٹواری ، لاہور۔II حال تعینات ننکانہ صاحب، اورمحمد عارف پٹواری لاہور۔II /حال تعینات ملتان نے”موضع سلطانکے“ تحصیل رائے ونڈ ، ضلع لاہورکے 53کنال2مرلے زرعی غیر مسلم وقف رقبہ کے معاملہ پر اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے محکمانہ مفاد کو پس پشت ڈال کر جو اقدامات کئے ان کی بابت ایک طرف جہاں چیئر مین بورڈ کی جانب سے سبھی کوچارج شیٹ جاری کی گئی ہے تو دوسری جانب وزارت مذہبی امور، حج و بین المذاہب ہم آہنگی بھی اس معاملہ کو خصوصی طور پر دیکھ رہی ہے۔ معاملہ کی سنگینی کے پیش نظر چیئر مین بورڈ قمر الزمان بذات خود اس تمام عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔اور محکمانہ ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے لئے زونل ایڈمنسٹریٹر لاہور کے ساتھ ساتھ دیگر متعقلہ شعبوں کو بھی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس ضمن میں آنے والے دنوں میں جہاں بڑے پیمانے پر اہم اقدامات متوقع ہیں تو دوسری جانب معاملہ کی سنگینی کا احساس کرتے ہوئے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر لاہور۔II متروکہ وقف املاک بورڈ سہیل غنی نے زونل ایڈمنسٹریٹر لاہور عدنان پھلرواں کی ہدایت پر چیئر مین بورڈ کی عدالت میں رٹ دائر کر دی ہے۔ جس میں قرار دیا گیا ہے کہ موضع سلطانکے کے خسرہ گرداوری زرعی رقبہ لاٹ نمبر 2 کے 10 خسرہ جات(1326,1327,1328,1329,1330,1331, 1538,1542,2085اور2251) کی حیثیت غیر قانونی طور پر تبدیل کر دی گئی ہے۔ مذکورہ خسرہ جات زرعی آکشن رقبہ میں شمار ہوتے تھے۔ جن کی عارضی پٹہ نیلامی کرنے کی بجائے ان کو مستقل پٹہ میں تدیل کر دیاگیا ہے جس کے بعد ان خسرہ جات پر ناجائز تعمیرات شروع ہوئیں۔ کمرے تعمیر کئے گئے راستہ نکالنے کے لئے سڑک بنائی گئی ، جبک کنال2مرلے زرعی رقبہ کے ارد گرد دیوار بھی تعمیر کر دی گئی ہے۔ اس تمام عمل کی منظوری بورڈ سے نہیں لی گئی۔ لہذا استدعا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ ایگریکلچر لینڈ ایکٹ 1975 کی کلاز 23 کی روشنی میں ہماری استدعا قبول کی جائے اور زرعی رقبہ آکشن لاٹس کے عارضی پٹہ کومستقل پٹہ پر منتقل کرنے کے احکامات منسوخ کئے جائیں۔
رائیونڈ میں غیرمسلم وقف رقبہ کی واپسی کیلئے عدالت سے رجوع



















