اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہبازشریف ولی عہد کی دعوت پر سعودی عرب چلے گئے،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراخواجہ آصف، عطاتارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ہمراہ ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق اہم دورے کا مقصد برادر ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم بنانا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر مشاورت کرنا ہے،وزیراعظم ،فیلڈ مارشل ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کریں گے، برادرانہ تعلقات ،شراکت داری مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیاجائےگا،باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔
بیان کے مطابق دورہ خلیجی خطے میں بڑھتی کشیدگی کے ماحول میں ہو رہا ہے، اہمیت صرف موجودہ حالات یا قلیل مدتی معاملات تک محدود نہیں،دونوں ممالک کے دوطرفہ روابط مزید مضبوط،سٹریٹجک تعاون کو وسعت ،علاقائی و عالمی امور پر باہمی رابطہ کاری میں اضافہ اور کثیرالجہتی تعاون کو تقویت ملے گی،دورہ علاقائی امن، سفارتی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے فروغ کےلئے اہم اوردونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط دیرینہ برادارنہ تعلقات، باہمی اعتماد اور بھائی چارے کی عکاسی کرتا ہے،وزیراعظم شہباز شریف عمرہ ادا اور روضہ رسول پرحاضری بھی دیں گے۔
امن مشن،تعلقات کی مضبوطی،وزیراعظم،فیلڈ مارشل کادورہ سعودی عرب

















