پی ٹی آئی ،جے یوآئی نے گلگت الیکشن کے نتائج مسترد کردئیے

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی ،جے یوآئی نے گلگت الیکشن کے نتائج مسترد کردئیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا انتخابات میںپری پول دھاندلی کی گئی، حلف والے دن گلگت بلتستان میں یوم سیاہ منائیں گے،جعلی و دھاندلی زدہ انتخابات قبول نہیں، خاص منصوبے کے تحت پی ٹی آئی کو پورے عمل سے باہر نکالا گیا،8 نشستوں پر 100 فیصد جیت رہے تھے ،3 حلقوں کے فارم 47 موجود ہیں۔

سینٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا انتخابات میں نتائج میں ردوبدل اور دھاندلی کی گئی،نتائج میں تاخیر ،مخصوص نتائج کی تشہیر، انتخابی عمل پر سوالات اٹھاتے ہیں، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر نتائج تقسیم کیے گئے۔

جے یو آئی رہنما عبدالغفور حیدری ،اسلم غوری نے کہا انتخابی شفافیت پر سوالیہ نشان ہے ، مینڈیٹ پرشب خون مارنے کی کوشش قبول نہیں، عوام کے ووٹوں پر دن دیہاڑے ڈاکہ مارا گیا ، الیکشن کمیشن نے قومی ادارے کی بجائے بذات سیاسی جماعت کا کردار ادا کیا۔