لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) حکومت کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاون میں نرمی کرتے ہوئے دکانیں رات 9 بجے جبکہ ریستوران رات 11 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کے فیصلے کو تاجر برادری اور ریستوران مالکان نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی اور متاثرہ شعبوں کو کچھ ریلیف ملے گا۔لاہور کے مختلف تجارتی مراکز کے تاجروں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر خرم لودھی کریانہ ایسوسی ایشن کے صدر عارف گجر سابق صدر لاہور چیمبر آف کامرس محمد علی میاں ایل پی جی ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر ایف پی سی سی آئی کے سابق ریجنل چیئرمین منظور ملک روزنامہ مشرق سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محدود اوقاتِ کار کی وجہ سے کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام کے اوقات میں خریداروں کی بڑی تعداد بازاروں کا رخ کرتی ہے، اس لیے دکانوں کے اوقات میں اضافے سے فروخت بہتر ہوگی اور تاجروں کے مالی مسائل میں کمی آئے گی۔تاجر رہنماو¿ں نے کہا کہ گزشتہ کئی ماہ سے کاروباری طبقہ مشکلات کا شکار تھا جبکہ دکانوں کے کرائے، بجلی کے بل اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی ایک بڑا مسئلہ بن چکی تھی۔ ان کے مطابق نئے فیصلے سے کاروباری اعتماد بحال ہوگا اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔دوسری جانب ریستوران ایسوسی ایشن کے صدر حبےب اللہ زاہد اور دےگر عہدیداروں نے بھی حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ریستورانوں کو رات 11 بجے تک کھولنے کی اجازت ملنے سے اس شعبے کو نمایاں فائدہ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اےک گھنٹہ مزےد اجازت دی جائے ،ریستورانوں کی زیادہ تر آمدن رات کے اوقات میں ہوتی ہے اور جلد بندش کے باعث انہیں بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ریستوران مالکان نے کہا کہ کاروبار کی بحالی سے نہ صرف ان کی آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ ہزاروں ملازمین کے روزگار کو بھی استحکام ملے گا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اگر حالات مزید بہتر رہیں تو کاروباری اوقات میں مزید نرمی پر بھی غور کیا جائے۔تاجر برادری اور ریستوران ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومتی ہدایات اور حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل درآمد جاری رکھیں گے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بھی جاری رہیں اور عوامی صحت کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بھی کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
سمارٹ لاک ڈاون میں نرمی، تاجر برادری اور ریسٹورنٹ مالکان ایسوسی ایشن کا خیرمقدم


















