اسلام آباد: ( ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے بہترین و مخلصانہ کردار ادا کر رہا ہے، فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں،افغانستان سے شہریوں اور اداروں پر حملے برداشت نہیں، بھارت دریائے چناب کا رخ نہیں موڑ سکتا ،چناب کے پانی پر اپنے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
طاہر اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا 2 ہفتے میں سفارتی سطح پر بہت مصروفیات رہیں، وزیراعظم نے چین کا کامیاب دورہ کیا، پاکستان اور چین مختلف مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے دورہ چین کے بعد امریکا کا دورہ کیا، امریکی قیادت کے ساتھ ملاقاتیں ہوئیں، ملاقاتوں میں نائب وزیراعظم نے امن کے قیام کیلئے کوششوں پر گفتگو کی، مارکو روبیو نے پاکستان کے ثالثی کے کردار کی تعریف کی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا 8 ممالک کے وزرائے خارجہ نے مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت کی، مشرقی القدس کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی گئی، اسرائیل سے فوری طور پر غیر قانونی اقدامات روکنے کا مطالبہ کیا گیا، پاکستان خطے میں امن، استحکام اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کی حمایت کے مؤقف پر بدستور قائم ہے۔
افغانستان سے حملے برداشت نہیں، چناب کے پانی پر اپنے حقوق کا تحفظ کریں گے:پاکستان

















