اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاہے آزاد کشمیر انتخابات میں ن لیگ آگے،عوامی مینڈیٹ کااحترام کیا جائے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہاامید ہے منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل کےلئے موثر کردار ادا کریں گے،الیکشن کے دوران میڈیا نمائندے مسلسل پولنگ ،ووٹر ٹرن آوٹ کی رپورٹنگ کرتے رہے، حق رائے دہی استعمال کرنے کا زیادہ موقع دینے کےلئے پولنگ کا وقت ایک گھنٹہ بڑھایا گیا،میرپور ڈویژن میں الیکشن کمیشن، انتظامیہ، پولیس، آئی جی، ڈی آئی جی، ڈپٹی کمشنرز و دیگر اداروں نے شفاف اور پرامن انتخابات کیلئے موثر کردار ادا کیا،پیش آنےوالا افسوسناک واقعہ 2 گروپوں کے پرانے خاندانی تنازع کا نتیجہ تھا،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایل اے6 میں امیدوار کےخلاف فوری کارروائی کی گئی۔
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا کشمیری عوام نے بھرپور انداز میں حق رائے دہی استعمال کیا،کامیابی کارکنوں کی محنت ،عوامی اعتماد کا نتیجہ ہے،بہترین تنظیم سازی، اختلافات کے خاتمے اور مضبوط ٹیم ورک کے باعث جماعت کو کامیابی ملی،عوام نے نواز ،شہباز کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کردیا،عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی نے بھی آزاد کشمیر کے عوام کا اعتماد حاصل کیا،عوامی فیصلے کا احترام ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔
رانا ثنا نے کہا بلاول بھٹو زرداری بڑی جمہوری جماعت کے سربراہ ،احترام کرتے ہیں،سیاسی اختلافات کو جمہوری دائرے میں رکھا جائے اور عوام کے فیصلے کو تمام جماعتیں کھلے دل سے قبول کریں،جمہوریت کا حسن عوامی فیصلے کے احترام اور سیاسی استحکام کو آگے بڑھانے میں ہے،سیاسی معاملات کو افہام و تفہیم، آئینی اصولوں ،عوامی فیصلے کی روشنی میں آگے بڑھنا چاہیے۔
وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا بلاول بھٹو شکست تسلیم ،سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں،آزادکشمیر کے عوام نے ن لیگ کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کیا ،پیپلزپارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور غیر جمہوری روئیے کی عکاسی کرتے ہیں،الزام تراشی نہ صرف انتخابی عمل بلکہ ووٹرز کی بھی توہین ہے،بلاول بھٹو زرداری کے بیانات بچگانہ ہیں۔
طارق فضل چودھری نے کہا آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات مکمل طور پر منصفانہ، شفاف اور غیرجانبدارانہ انداز میں ہوئے ،عوام نے آزادانہ طور پر حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
آزاد کشمیر نے فیصلہ سنادیا،عوامی مینڈیٹ کااحترام کیا جائے،وفاقی وزرا



















