پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

اسلام آباد (مشرق نیوز) بانی پی ٹی آئی کی جیل سے ہسپتال منتقلی کے معاملے پر پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں بانی پی ٹی آئی کو عدالتی احکامات کے باوجود اسپتال منتقل نہ کرنے پر توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے، جواب دہندگان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیکر قانون کے مطابق سزا دینے کی استدعا کی گئی جبکہ بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست کی گئی۔

توہین عدالت کی درخواست میں وزیراعظم کو بھی فریق بنادیاگیا،اسکے علاوہ وفاقی وزیرقانون اور وزیراطلاعات،چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی فریق بنایا گیا،سب فریقین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے سے متعلق پمز انتظامیہ نے اعلامیہ جاری کیا،جس میں کہا گیاکہ مریض کی رازداری اور سپریم کورٹ کی ہدایات کا مکمل احترام کیا جائیگا۔

اعلامیہ کے مطابق طبی رپورٹ کے خفیہ مندرجات ظاہر نہیں کئے جائیں گے، بانی پی ٹی آئی کو 20 اور 21 کی درمیانی شب پمز ہسپتال لایا گیا، جہاں شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے 2 ماہر ڈاکٹروں نے آنکھوں کے معائنے میں حصہ لیا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دیگر طبی معائنے پمز کے متعلقہ ماہرین نے کئے، آنکھوں کے معائنے سے حاصل طبی رائے کو مجموعی طبی جائزے میں شامل کرلیا گیا۔

پمز انتظامیہ کے مطابق میڈیکل بورڈ نے تمام طبی نتائج یکجا کرکے فٹنس رپورٹ مرتب کرلی ہے تاہم رپورٹ کے خفیہ مندرجات ظاہر نہیں کئے جائیں گے۔