ٹیلر سوئفٹ کی شاہانہ شادی، میئر نیویارک نے سکیورٹی اخراجات کی تفصیل بتا دی

نیویارک (مشرق نیوز) نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے انکشاف کیا ہے کہ عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنی شادی کے موقع پر سکیورٹی اور پرمٹ سے متعلق تمام اخراجات خود ادا کئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹیلر سوئفٹ نے نیویارک میں واقع میڈیسن سکوائر گارڈن میں ہونے والی شادی کی تقریبات کیلئے ایک لاکھ 60 ہزار ڈالر سے زائد رقم ادا کی، جو سیکیورٹی، پولیس تعیناتی اور دیگر سرکاری اخراجات پر خرچ ہوئی۔

پریس کانفرنس کے دوران میئر نے بتایا کہ یہ ادائیگی تقریب کے پرمٹ اور پولیس کی اضافی خدمات کیلئے کی گئی تھی اور اسکے بعد شہر پر کسی اضافی مالی بوجھ کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔ رپورٹس کے مطابق یہ ہائی پروفائل شادی تقریب نہایت سخت سیکیورٹی میں منعقد ہوئی، جس کے دوران اطراف کی سڑکیں بند کی گئیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

36 سالہ ٹیلر سوئفٹ نے معروف این ایف ایل سٹار ٹریوس کیلسی سے گزشتہ ہفتے شادی کی۔ تقریب میں قریبی افراد پر مشتمل محدود مہمانوں کے علاوہ ایک بڑی استقبالیہ تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں تقریباً ایک ہزار مہمان شریک ہوئے۔

اگرچہ سکیورٹی اخراجات کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم شادی پر آنے والی مجموعی لاگت تاحال سامنے نہیں آئی۔ بعض امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شاندار تقریب پر تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالر تک خرچ آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اس اعلان کے بعد یہ قیاس آرائیاں ختم ہو گئی ہیں کہ آیا اس تقریب کی سکیورٹی کے اخراجات نیویارک کے ٹیکس دہندگان کو برداشت کرنا پڑیں گے یا نہیں۔