امن کےلئے آپریشن ناگزیر ،شرپسندوں کو نہیں چھوڑیں گے، سیکرٹری داخلہ آزاد کشمیر

مظفر آباد:(بیورورپورٹ)سیکرٹری داخلہ آزاد کشمیر چودھری گفتار نے کہا ہے امن کی بحالی کےلئے آپریشن ناگزیر ،شرپسندوں کو نہیں چھوڑیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چودھری گفتار نے کہا کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح جتھے جدید ترین خودکار ہتھیار اور دھماکا خیز مواد استعمال کر رہے ہیں،پاکستان ،کشمیر کے تاریخی تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے ،کالعدم تنظیم کا اصل مقصد پاکستان مخالف بیانیے کو فروغ دینا ہے، تاجروں کو دھمکیاں دینا، زبردستی بازار بند کرانا اور شہریوں کی زندگی اجیرن بنانا تنظیم کا معمول بن گیا،طلبہ، خواتین ،بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ،طلبہ کے ہاتھوں سے قلم چھین کر زبردستی احتجاج ،انتشار کی سیاست کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، احتجاج کا لبادہ اوڑھ کر دھونس، بلیک میلنگ اور پروپیگنڈے کی سیاست کو مستقل ہتھیار بنایا گیا ۔

چودھری گفتار نے کہا آزاد کشمیر کے غیور عوام نے شرپسند عناصر کے انتشاری ایجنڈے کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ،تمام شاہراہوں کی مکمل کلیئرنس تک آپریشن جاری رہے گا،جدید ترین ہتھیاروں اور بارودی مواد کا استعمال کالعدم کمیٹی کے نام نہاد پرامن بیانیے کی مکمل نفی کرتا ہے۔