لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے الیکشن کا فیصلہ ریاست نہیں عوام کرتے، بلاول بھٹو الزام لگانے کی بجائے شکست قبول کریں،پیپلزپارٹی کو ہار کھلے دل سے تسلیم کرنی چاہیے۔
مریم نواز نے کہاگلگت بلتستان میں عوام نے آپ کے حق میں فیصلہ دیا قبول کیا ، جی بی میں آپ جیت گئے تو الیکشن ٹھیک ، آزاد کشمیر میں ہار گئے تو انتخابات غلط ؟ پیپلزپارٹی کے دور میں ہی آزاد کشمیر کے حالات بگڑے،سندھ واحد صوبہ جہاں 17 سال سے پیپلزپارٹی کی حکومت ہے، بلاول سندھ حکومت کی کارکردگی بتاسکے نہ ہی روڈ میپ دے سکے، آپ کے پاس آزاد کشمیر کے عوام کو اپنی کارگردگی دکھانے کےلئے کچھ نہیں،آپ ایک مرتبہ نہیں کہہ سکے آزاد کشمیر کو سندھ جیسا یا کراچی جیسا بنائیں گے، کارکردگی دکھانے کےلئے پاس کچھ ہے نہیں اور اب دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کشمیر میں لوگ صحت کی سہولیات مانگ رہے ہیں، کارکردگی پر غور کریں، خود احتسابی کریں، سندھ ضرور ترقی کرے گا، جمہوریت کے فروغ کے لیے عوام کا فیصلہ کھلے دل سے تسلیم کریں، سندھ میں صفائی، امن وامان اور سڑکوں کا نظام بہتر کریں،تھوڑا غور کریں تو پتہ چل جائے گا لوگوں نے آپ کو ووٹ کیوں نہیں دئیے، پیپلزپارٹی کے جلسے خالی تھے،الزام سے کچھ نہیں ہوگا، بلاول بھٹو اپنے بیانیے اور کارکردگی پر مزید محنت کریں۔
مریم نواز نے کہامیرپور ڈویژن کے انتخابات میں کامیابی پر نواز،شہباز،پارٹی کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں،عوام نے بھرپور اعتماد کا اظہار کردیا،آزاد کشمیر کے عوام ٹوٹی سڑکوں ،ناکافی صحت کی سہولیات سے نجات چاہتے اور پنجاب طرز پر ترقیاتی منصوبوں ،عوامی سہولیات کا مطالبہ کر رہے ہیں،صرف الزامات اور رونے دھونے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، یہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا دور ہے جہاں حقائق اور کارکردگی سب کے سامنے آ جاتی ہے،عوام نے کسان کارڈ، پکی سڑکوں اور ترقیاتی منصوبوں کے حق میں ووٹ دیا۔
دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے سرسبز ،سموگ فری پنجاب ویژن کے تحت جدید دنیا کی طرز پر ”گرین ریلوے کوریڈور“ کے انقلابی منصوبے کا آغازکر دیا گیاخ،4مراحل پر مشتمل منصوبے کے ذریعے ریلوے کی ویران ،کوڑا کرکٹ کا شکار زمینوں پر 32 پارکس تعمیر کیے جائیں گے، منصوبے کے پہلے مرحلے میں شاہدرہ سے رائیونڈ تک 20 ایکڑ رقبے کو خوبصورت سبزہ زاروں، باغات اور سیر گاہوں میں تبدیل کر دیا گیا، ریلوے ٹریک کے ساتھ ملحقہ زمین پر 21 پارکس بھی بنا دئیے گئے جو شہریوں کو تفریح فراہم کر رہے اور ماحول کی بہتری میں بھی حصہ ڈال رہے ہیں۔
علاوہ ازیں پنجاب میں زراعت ڈیجیٹل دور میں داخل،وزیراعلیٰ نے کسانوں کےلئے انقلابی پراجیکٹ ”لیب آن ویلز“ کاآغاز کردیا،کسان کی صرف ایک کال سے جدید سائنسی لیبارٹری سیدھی کھیت میں حاضر،لیب آن ویلز کی ٹیمزکسان کے کھیت سے مٹی ،پانی کے نمونے آن دی سپاٹ حاصل کرے گی،کھیت میں ہی مٹی ،پانی کے نمونوں کا فوری سائنسی تجزیہ کیا جائے گا،مریم نواز نے کہا مٹی کی درست پرکھ ،متوازن کھادوں کا استعمال ہی پنجاب کو زرعی طور پر خودکفیل بنائے گا،زراعت کو روایتی طریقوں سے نکال کر سائنسی و ڈیجیٹل دور میں داخل کر دیا ،ہدف کسان کی پیداواری لاگت کو کم کرنا،فی ایکڑ حاصل ہونے والی آمدن کو بڑھانا ہے، لیب آن ویلز کے ذریعے کھیتوں کی مٹی کی پی ایچ (pH) اور الیکٹریکل کنڈکٹیوٹی (EC) کی آن دی سپاٹ پیمائش کی جائےگی۔
مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہیپاٹائٹس کے عالمی دن پر قوم کےساتھ ملکر مرض کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہابروقت سکریننگ سے جانیں محفوظ بنائیں،شہریوں کو ہیپاٹائٹس کی سکریننگ ،مفت علاج کی سہولت ترجیح ، موبائل ہسپتالوں میں سکریننگ پروگرام سے عوام کو دہلیز پر سہولت ،مریضوں کی مفت تشخیص ،علاج بغیر کسی مالی بوجھ کیاجا رہا ہے، مشترکہ کاوشوں سے ہیپاٹائٹس کا خاتمہ کریں گے، آئیے سب ملکر صحت مند پاکستان کی تعمیر کا عہد کریں۔
الیکشن کا فیصلہ ریاست نہیں عوام کرتے، بلاول بھٹو شکست قبول کریں، مریم نواز



















