آزاد کشمیر اسمبلی ، ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن کے قیام کی قرارداد منظور

مظفر آباد (مشرق نیوز) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر نبیلہ ایوب کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں پیپلز پارٹی کے رہنما چودھری یاسین کی جانب سے موجودہ صورتحال پر ٹروتھ اینڈ ری کنسلی ایشن کمیشن کے قیام کی قرارداد پیش کی گئی، جسے ایوان نے منظور کر لیا۔

قرارداد میں حالیہ واقعات کے حقائق جاننے کیلئے غیر جانبدار کمیشن قائم کرنے، اسے انکوائری کیلئے مکمل اختیارات اور تمام متعلقہ معلومات تک رسائی دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرارداد میں کہا گیا کہ کمیشن کی حتمی رپورٹ آنے تک مظاہرین احتجاج ختم کریں اور حکومت فوری طور پر حالات معمول پر لانے کیلئے اقدامات کرے۔

ایوان نے پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حالات خراب کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز اور قانون کے مطابق کارروائی کی جائے جبکہ پرامن مظاہرین سے اپیل کی گئی کہ وہ مسلح عناصر سے خود کو الگ کریں۔

قرارداد میں آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ہر قسم کے تشدد اور انتشار کو مسترد کرنے کا بھی اعادہ کیا گیا۔