بھارت کاپانی روکنا خطے کے امن کیلئے خطرناک،نتائج سنگین ہوں گے، پاکستان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سندھ طاس معاہدہ ختم یا پیچھے ہٹنے کی کوئی بھی کوشش غیر قانونی، یکطرفہ و عالمی قانون کے سراسر خلاف ہوگی،پاکستان نے بھارت کو دوٹوک پیغام دےدیا۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران واضح کیا پانی کو سیاسی دباو یا ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا،دنیا کے کسی بھی ملک میں اتنی ہمت یا استطاعت نہیں پاکستان کا پانی روک کر بنجر کر سکے،پاکستان کو حصے کے پانی سے محروم کرنے کی کوئی بھی کوشش پورے خطے کے امن و سکون کےلئے انتہائی خطرناک ثابت ہوگی، سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

طاہر اندرابی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے اہم بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوئی بھی نام نہاد کوشش غیر قانونی، یکطرفہ و بے بنیاد ،پاکستان پوری طاقت سے مسترد کرتا ہے ،پانی کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،پانی کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنا بھارت کے اپنے عالمی وعدوں کی خلاف ورزی ہوگی ،دنیا بھر میں ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاوزیراعظم آج سے 5جولائی تک ایران ،ترکیہ کا دورہ کریں گے،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار دیگر اہم وزرا بھی ساتھ جائیں گے،وزیراعظم سابق سپریم لیڈر شہید خامنہ ای کی نماز جنازہ میں شرکت اور دکھ کی گھڑی میں ایران کےساتھ مکمل یکجہتی و حمایت کا اظہار کریں گے،شہبازشریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی خصوصی دعوت پر استنبول جائیں گے، بڑی کاروباری کانفرنس سے خطاب شیڈول ہے۔

طاہر انداربی نے کہاسکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر خیبرپختونخوا، بلوچستان اور کراچی سمیت دیگر علاقوں میں دہشتگردوں کےخلاف کارروائیاں تیز کر دیں،28جون کو باجوڑ میں بڑے آپریشن کے دوران 4 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا،کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا کمانڈر خان فروش عبدالزبل بھی شامل ہے، باقی 3دہشتگردوں کا تعلق بھارت کی شہ پانے والی جماعت الاحرار سے تھا،شہریوں کی حفاظت ،ملکی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا29جون کو افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے کراچی میں ہونےوالے دہشتگرد حملے پر سخت احتجاجی خط یعنی ڈیمارش دیا گیا،کابل میں موجود پاکستانی سفیر نے بھی افغان وزارت خارجہ کو احتجاجی خط پیش کیا،تمام شواہد سے بات سچ ثابت افغان سرزمین پاکستان کےخلاف دہشتگردی کےلئے استعمال ہو رہی ہے،صورتحال کو دیکھتے ہوئے وزارت داخلہ نے حکم جاری کر دیا پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہنے والے افغان شہریوں کےخلاف فوری ایکشن لیا جائے۔

طاہر اندرابی نے کہا زراعت کے میدان میں بڑی عالمی کامیابی حاصل کرلی ،پاکستان کو انٹرنیشنل اولیو کونسل یعنی زیتون کی عالمی کونسل کا مستقل رکن بنا لیا گیا ،بھارت کو ملک میں قید 753 قیدیوں کی فہرست فراہم کر دی ،سرکاری ذرائع، خاندانوں اور میڈیا خبروں کی مدد سے بالکل صحیح و تصدیق شدہ طریقے سے تیار کیا گیا ۔