لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا جو صوبے کی مالی نظم و ضبط، بہتر حکمت عملی و موثر گورننس کا واضح ثبوت ہے، موجودہ بجٹ میں تعلیم، صحت و سماجی شعبے کو خصوصی ترجیح دی گئی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات دہلیز پر فراہم کی جا سکیں، پنجاب کا کسان بجٹ میں سب سے زیادہ ریلیف حاصل کرنے والوں میں شامل جو حکومت کی زرعی معیشت سے وابستگی کو ظاہر کرتا ہے،عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب کا ترقیاتی بجٹ صرف کاغذی اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر زمین پر واضح نظر آ رہا ہے، صوبائی حکومت اپنے وسائل کے ذریعے تمام ترقیاتی منصوبے اسی رفتار سے جاری رکھے گی،اپنی چھت اپنا گھر،ستھرا پنجاب،آسان کاروبارسمیت تمام بڑے فلاحی و ترقیاتی منصوبے بھرپور انداز میں جاری رہیں گے، پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا جال 147 تحصیلوں تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جدید و ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں،وزیر اطلاعات نے کہا پنجاب میں ترقی اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہی ، اٹک سے وہاڑی و رحیم یار خان تک ترقیاتی ثمرات پہنچ چکے ،صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختصر عرصے میں گزشتہ سالوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا ،سیاسی شعبدہ بازی و دھرنوں کی سیاست کے مقابلے میں خدمت کی سیاست کامیاب ہو چکی ،حکومتی کارکردگی ہی اصل پہچان ہے۔
تیسرا سرپلس بجٹ نیا ریکارڈ ،ترقیاتی منصوبے زمین پر نظر آرہے ہیں:عظمیٰ بخاری



















