اسلام آباد معاہدے کے تاریخی لمحہ پر کشمیری مظاہرین احتجاج ختم کر دیں، بلاول

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کشمیری مظاہرین احتجاج پرامن طور پر ختم کردیں۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہااسلام آباد معاہدے پر دستخط کا قریب آ جانا تاریخی لمحہ ،عالمی توجہ مضبوطی سے پاکستان پر مرکوز ، آزاد جموں و کشمیر میں جاری بے چینی نہ صرف کشمیری کاز بلکہ ملکی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ، صورتحال دشمن عناصر اور بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کو اپنے مقاصد کےلئے فائدہ اٹھانے کا غیر ضروری موقع بھی فراہم کر رہی ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا قانون ہاتھ میں لینے والے خود کو مقامی حکام کے حوالے کریں اور قانونی عمل کو اپنا راستہ اختیار کرنے دیں،تمام سیاسی شکایات و اختلافات کا حل جمہوری، آئینی و پرامن ذرائع سے نکالا جانا چاہئے، پارلیمان اور سیاسی عمل مسائل کو اٹھانے و حل کرنے کے مناسب فورمز ،پیپلز پارٹی پہلے ہی الیکشن کمیشن سے قبل از وقت جاری کیے گئے انتخابی شیڈول کو واپس لینے کا مطالبہ کر چکی،سیاسی حل کے حصول کےلئے پرعزم ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا زیر التوا شکایات کے ازالے، عمل کو آگے بڑھانے اور معاملات کو منصفانہ و پائیدار انجام تک پہنچانے کےلئے ٹروتھ اینڈ ریکنسیلی ایشن کمیشن قائم کرنے کی کوشش کریں گے، کشمیر کے عوام کو بار بار احتجاج، محاذ آرائی اور غیر یقینی صورتحال کے چکروں سے نہیں گزرنا چاہئے،وفاقی حکومت سمیت تمام فریق متفق ہوں تو آزاد کشمیر حکومت مناسب وقت پر احتجاج کرنےوالی جماعتوں پرجاری کردہ نوٹیفکیشنز کا جائزہ لے سکتی ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا اگرچہ قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے اور غیر قانونی اقدامات میں ملوث افراد کو جوابدہ ٹھہرانے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، تاہم یکساں طور پر پرعزم ہیں جن افراد نے کوئی غلط کام نہیں کیا انہیں دوسروں کے اقدامات کے نتائج نہ بھگتنا پڑیں۔