اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں نجکاری کے عمل اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خسارے کا شکار ریاستی ملکیتی اداروں کی نجکاری حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے عمل کی رفتار تیز کرنے اور تمام مراحل انتہائی شفاف انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ڈسکوز کی نجکاری کے بعد ایک مضبوط ریگولیٹری فریم ورک تشکیل دیا جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نجکاری کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد الیکٹرک، گوجرانوالہ، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کی جائیگی۔ بریفنگ کے مطابق ان تینوں ڈسکوز کی نجکاری کیلئے ایکسپریشن آف انٹرسٹ ملکی اور بین الاقوامی اخبارات میں جاری کیا جا چکا ہے جبکہ کابینہ کی نجکاری کمیٹی ان کے ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری بھی دے چکی ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کیلئے روڈ شوز کا انعقاد اسی ماہ شروع کیا جا رہا ہے جبکہ سعودی عرب، ترکیہ اور چین کے سرمایہ کاروں کیلئے بین الاقوامی سطح پر بھی روڈ شوز منعقد کئے جا رہے ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پاور ڈویڑن سردار اویس لغاری، مشیرِ وزیراعظم برائے نجکاری محمد علی، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
غیرمنافع بخش اداروں کی نجکاری پہلی ترجیح ہے: وزیراعظم شہبازشریف


















