کوئٹہ،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)کوئٹہ میں شٹل ٹرین کے قریب دھماکہ،ایف سی جوانوں سمیت 18افراد شہید،متعدد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق دہشتگردوں نے صبح 8 بج کر 5 منٹ پر چمن ریلوے پھاٹک پر شٹل ٹرین کو نشانہ بنایا، دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی،ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں،ٹریک کے ارد گرد کھڑی کئی گاڑیاں تباہ،قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے،ٹرین مسافروں کو لےکر کوئٹہ سٹیشن جارہی تھی ،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا،متعدد کی حالت نازک ہونے کے باعث اموات بڑھنے کاخدشہ ہے۔
قانون نافذ کرنےوالے اداروں ،پولیس نے حملہ خودکش قراردےدیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق 30 کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا،سکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیر ے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
دریں اثنا وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں آئی جی نے دھماکے کی ابتدائی رپورٹ پیش کردی،اجلاس میں معصوم لوگوں پر بزدلانہ حملے کی پرزور مذمت ،شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا وفاقی حکومت دکھ کی گھڑی میں بلوچستان حکومت کے ساتھ کھڑی ہے، درندوں نے معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر بدترین سفاکیت کا مظاہرہ کیا، شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا شہدا کے خون کے مقروض ہیں، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔
دریں اثنا صدر،وزیراعظم،وزیرریلوے ودیگر سیاسی قیادت نے کہا خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائےگا، دہشتگردوں، سہولت کاروں شکست دیں گے،معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت دشمنی ہے، بزدلانہ کارروائیاں قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں،دہشتگردوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔
کوئٹہ ، شٹل ٹرین کے قریب دھماکہ،18 افرادشہید،متعدد زخمی



















