مقبوضہ یروشلم میں نام نہاد صومالی لینڈ سفارت خانہ قبول نہیں،مسلم ممالک

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پاکستان سمیت اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مقبوضہ یروشلم میں نام نہاد”صومالی لینڈ“ کی جانب سے سفارت خانہ کھولنے کے اقدام کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ وزارتی بیان میں کہا گیا پاکستان، مصر، سعودی عرب، قطر، اردن، لبنان، ترکیہ، انڈونیشیا، جبوتی، صومالیہ، فلسطین، عمان، سوڈان اور یمن کے وزرائے خارجہ نے اقدام کو غیر قانونی و ناقابل قبول قرار دےدیا۔

بیان میں کہا گیا مقبوضہ یروشلم میں کسی بھی ایسے یکطرفہ اقدام کو تسلیم نہیں کیا جا سکتا جو شہر کی قانونی و تاریخی حیثیت کو تبدیل کرنے یا کسی غیر قانونی حقیقت کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کرے،مشرقی یروشلم 1967 سے مقبوضہ فلسطینی علاقہ ہے، حیثیت میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی کوششیں غیر موثر اور کالعدم ہیں،اقدام بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور خطے میں قانونی و سفارتی حساسیت مزید بڑھتی ہے۔

وزرائے خارجہ نے وفاقی جمہوریہ صومالیہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ایسے تمام یکطرفہ اقدامات مسترد کیے جاتے ہیں جو صومالیہ کی وحدت کو نقصان پہنچائیں،اسلامی ممالک بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ قراردادوں اور فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کے اپنے موقف پر قائم ہیں۔