پنجاب میں چاند رات ،عیدالاضحی کے ایام میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم


لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چاند رات اور عیدالاضحی کے ایام میں فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دےدیا۔

مریم نوازنے صوبے بھر میں سکیورٹی ایس او پیز پر عملدرآمد ،عید اجتماعات میں میٹل ڈی ٹیکٹر ،واک تھرو گیٹ کی تنصیب ،اسسٹنٹ کمشنرز کو علما کرام سے ملاقات کی ہدایت کردی،علما کرام کو عیدالاضحی پر حکومت پنجاب کے سکیورٹی، صفائی انتظامات پر بریفنگ دی جائے گی ۔

حساس مقامات پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات ،چاند رات پر مارکیٹوں میں پٹرولنگ ،لیڈیز پولیس تعینات،سکیورٹی آپریشن کےلئے سیف سٹی رئیل ٹائم مانیٹرنگ یقینی،کالعدم تنظیموں کی طرف سے کھالیں اکٹھی کرنے کےلئے کیمپ پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد ،کالعدم تنظیموں کے کیمپ پر پابندی کےلئے ڈی پی اوز کو خود وزٹ کرنے ،سوشل میڈیا و دیگر ذرائع ابلاغ پر نفرت انگیز مواد کی ممانعت یقینی بنانے کا حکم دےدیا گیا،عید الاضحی پر ون ویلنگ ،ہلڑ بازی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کےخلاف کارروائی کی جائے۔

ہوم سیکرٹری احمد جاوید قاضی نے عیدالاضحی پر سکیورٹی انتظامات پربریفنگ دی،بریفنگ کے دوران بتایا گیا صوبے بھر میں 38507 مقامات پرنماز عید کے اجتماعات ہوں گے ،دفعہ 144کے تحت عوامی مقامات پر سری پائے بھوننے پر پابندی لگا دی گئی ،ڈرین اور پبلک مقاما ت پر جانوروں کی باقیات پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی ،ہوائی فائرنگ ،اسلحے کی نمائش پر پابندی ہر صورت یقینی بنائی جائےگی ۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نوازنے قومی جانورمارخورکے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاعالمی دن کو منانے کا بنیادی مقصد مارخور ،قدرتی مسکن کو معدومی سے بچانا ہے،موسمیاتی اور ماحولیاتی تبدیلیاں مارخور کی بقا کیلئے سب سے بڑا خطرہ ،تحفظ کےلئے سب کو عہد اور کاوشیں کرنا ہوں گی۔

علاوہ ازیں مریم نواز نے کوئٹہ بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس ،سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔