لاہور (کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر عیدالاضحٰی کے موقع پر صوبہ بھر کی مویشی منڈیوں میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ پنجاب پولیس کے افسران و اہلکار خریداروں اور بیوپاریوں کی حفاظت کیلئے ہائی الرٹ ہو کر فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 222 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ لاہور میں 6 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 600 سے زائد پولیس افسران اور جوان مامور ہیں۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈیوں کے بیوپاریوں اور خریدار شہریوں کی سکیورٹی کیلئے جامع اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ کے منظور کردہ پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی جگہ مویشی منڈی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ نوسر بازوں، جیب تراشوں اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے موثر پٹرولنگ پلان تشکیل دیا جائے جبکہ پولیس رسپانس یونٹ سمیت پٹرولنگ ٹیمیں مویشی منڈیوں کے اطراف مو¿ثر پٹرولنگ جاری رکھیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ شیخوپورہ ریجن میں 23 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی پر 150 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ گوجرانوالہ ریجن میں 44 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 525 افسران و اہلکار مامور ہیں۔ راولپنڈی ریجن میں 22 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 340 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ سرگودھا ریجن میں 22 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 170 افسران و اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ فیصل آباد میں 19 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 538 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں۔ ملتان میں 20 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 480 سے زائد افسران و اہلکار مامور ہیں۔ ساہیوال میں 11 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 230 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ بہاولپور میں 29 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 410 سے زائد افسران و اہلکار جبکہ ڈی جی خان میں 26 مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے 210 سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں۔
غیر قانونی مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس ، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائی کی جائے :آئی جی



















