ٹیسٹ میچوں میں ریڈ اور پنک گیندوں کے استعمال پر غور

دبئی (مشرق نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے آئندہ اجلاس میں کئی بڑے قوانین میں تبدیلیوں پر غور کیا جائیگا، ان میں ایک ہی ٹیسٹ میچ کے دوران ریڈ اور پنک بال کے استعمال کے ساتھ غیر قانونی بولنگ ایکشن کیلئے ٹیکنالوجی کی مدد حاصل کرنا بھی شامل ہے۔ یہ تبدیلیاں اگر منظور ہو گئیں تو 1 اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔

چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی کے 21 مئی کے ورچوئل اجلاس میں ایک ورکنگ گروپ نے تجویز دی کہ اگر ٹیسٹ میچ کے دوران موسم کی وجہ سے رکاوٹ آئے اور کھیل فلڈ لائٹس میں جاری ہو تو ریڈبال کو پنک بال سے تبدیل کیا جانا چاہیے۔

تجاویز کے مطابق تبدیلی صرف اسی صورت میں ممکن ہوگی جب دونوں ٹیمیں اس پر متفق اور امپائرز اس کی اجازت دیں گے، یہ اصول بالکل ویسا ہی ہوگا جیسے ڈی ار ایس سسٹم کے لیے دونوں ٹیموں کی رضامندی ضروری ہوتی ہے۔


غیرقانونی بولنگ ایکشن کے حوالے سے تجویز کے مطابق امپائرز کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی دی جا سکتی ہے تاکہ میچ کے دوران ہی ایسے بولرز کے ایکشن کو چیک کیا جا سکے جو 15 ڈگری سے زیادہ بازو کو خم دیتے ہیں۔ آئی سی سی ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں اننگز کے درمیان وقفہ 20 منٹ سے کم کر کے 15 منٹ کرنے کی تجویز پر بھی غور کر رہا ہے۔

اسکے علاوہ ون ڈے کرکٹ میں ہیڈ کوچز کو ڈرنکس بریک کے دوران میدان میں جاکر کھلاڑیوں سے بات کرنے کی اجازت دی جا سکتی ہے، ٹی 20 میں یہ سہولت پہلے سے موجود ہے۔