واشنگٹن (مشرق نیوز) مسلح شخص نے وائٹ ہاوس کے دروازے پر موجود چیک پوسٹ پر فائرنگ کر دی، جس پر سکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور مارا گیا۔ امریکی میڈیا کے مطابق ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملہ آور جذباتی طور پر پریشان تھا مگر اس پریشانی کی وجہ نہیں بتائی گئی۔
سیکرٹ سروس اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی میں 2 افراد کو گولیاں لگیں، واقعہ میں سڑک پر موجود ایک شخص بھی زخمی ہوگیا تاہم واقعہ میں کوئی سکیورٹی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بجے کے قریب پیش آیا، فائرنگ کے سبب وائٹ ہاوس کو لاک ڈاون کرنا پڑا تھا تاہم بعد میں لاک ڈاون ختم کر دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے وقت صدر ٹرمپ وائٹ ہاوس میں موجود تھے اور انہیں فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، کئی صحافیوں کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاوس کے باہر 30 گولیاں چلائی گئیں، فائرنگ کے بعد سنائپرز کو وائٹ ہاوس کی چھت پر تعینات کر دیا گیا۔
اس دوران نارتھ لان میں جمع صحافیوں سے کہا گیا کہ وہ پریس بریفنگ روم میں چلے جائیں، فائرنگ کے وقت اے بی سی نیوز سمیت کئی میڈیا چینلز کے صحافی لائیو رپورٹنگ کر رہے تھے جس سے فائرنگ کی آوازیں کیمرے میں محفوظ ہو گئیں۔
ٹرمپ کی موجودگی میں وائٹ ہاوس کے باہر فائرنگ، حملہ آور موقع پر ہلاک



















