پاکستان واحد ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا نہ کبھی کریگا: وفاقی وزیر مذہبی امور

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) فلسطین کے اعلیٰ مذہبی وفد، قاضی القضا فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش اور مفتی اعظم الشیخ محمد احمد حسین نے منگل کے روز وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات، غزہ کی صورتحال اور عالم اسلام کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے فلسطینی وفد کا وزارتِ مذہبی امور میں پرتپاک استقبال کرتے ہوئے کہا کہ معزز مہمانوں کی آمد کو وہ باعث برکت سمجھتے ہیں۔ ملاقات میں کوآرڈینیٹر وزیراعظم حافظ طاہر محمود اشرفی، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور پاکستان میں فلسطینی سفیر ڈاکٹر زہیر محمد بھی شریک تھے۔سردار یوسف نے اپنے موقف کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس نے اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر بھی واضح طور پر درج ہے کہ یہ اسرائیل کیلئے قابل استعمال نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت بالخصوص وزیراعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے غزہ میں جاری نسل کشی کو رکوانے کیلئے ہر ممکن سفارتی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اقوام متحدہ کے فورم پر متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے جبکہ غزہ میں اسرائیلی مظالم پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے۔ سردار یوسف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ القدس فلسطین کا دارالحکومت ہو اور وہ وقت جلد آئے جب پاکستانی اور فلسطینی مسلمان مل کر مسجد اقصیٰ میں نماز ادا کریں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ سیرت کانفرنس میں بھی فلسطینی قاضی القضا نے شرکت کی تھی، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی علامت ہے۔ انہوں نے حافظ طاہر محمود اشرفی کو چھٹی عالمی پیغامِ اسلام کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی۔اس موقع پر قاضی القضا فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا کہ انہیں ستمبر میں اپنے دورہ پاکستان کے دوران بے پناہ محبت ملی اور دوبارہ آمد دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کی عکاسی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فلسطینی صدر آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ڈاکٹر محمود الہباش نے کہا کہ اسرائیل نے ایک ہزار سال میں پہلی بار مسلمانوں اور مسیحیوں کے مقدس مقامات کو بند کیا، جو نہایت افسوسناک اور تشویشناک اقدام ہے۔مفتی اعظم فلسطین الشیخ محمد احمد حسین نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کی سرپرستی کر رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور فلسطین کا مو¿قف کبھی جدا نہیں ہو سکتا اور دونوں ممالک کے درمیان اخوت کا رشتہ مضبوط بنیادوں پر قائم ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد وہ وقت آئے گا جب پاکستانی عوام مسجد اقصیٰ کے صحن میں شکرانے کے نوافل ادا کرتے نظر آئیں گے، جو امت مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہوگا۔