چارسدہ:جے یو آئی رہنمامو لانا ادریس قاتلانہ حملے میں شہید، صدر،وزیر اعظم کا اظہار افسوس

پشاور، چارسدہ (بیورورپورٹ+ نمائندہ مشرق) نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے معروف عالم دین اور سابق ایم پی اے شیخ الحدیث مولانا ادریس شہید ہوگئے،واقعہ اتمانزئی کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے مولانا ادریس کی گاڑی کو نشانہ بنایا، 2 گن مین بھی شدید زخمی ہوگئے، پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لےکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی،آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے ملزموں کی فوری گرفتاری کیلئے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے، ملوث عناصر کو جلد انجام تک پہنچایا جائے گا، مولانا ادریس کی نماز جنازہ آج سہ پہر آبائی گاو¿ں ترنگزئی ضلع چارسدہ میں اداءکی جائے گی،صدر مملکت آصف زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف نے مولانا ادریس ترنگزئی کی قاتلانہ حملے میں شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے،گورنرکے پی فیصل کریم کنڈی ، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے مولانا ادریس کی قاتلانہ حملہ میں شہادت پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی،فیصل کریم کنڈی نے شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت کو ملک کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیدیا،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا مولانا ادریس کی شہادت افسوسناک ہے، مشکل کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا مولانا ادریس باوقار شخصیت تھے، دینی، علمی، سیاسی اور سماجی خدمات تادیر یاد رکھی جائیں گی،جے یو آئی سربراہ فضل الرحمن نے شیخ الحدیث، سابق ایم پی اے، رکن مرکزی مجلس شوریٰ جے یو آئی مولانا ادریس کی شہادت کی مذمت و افسوس کا اظہار کیا ہے، فضل الرحمن نے کہا شیخ الحدیث مولانا ادریس کی شہادت کی خبر سے دل رنجیدہ ہے، مولانا ادریس نے اسلام اور پاکستان کے دفاع کی قیمت چکائی۔