بھارت کیخلاف میچ کھیل لیں،پاکستان کو منانے کیلئے ICCکی منت سماجت

لاہور:(سپورٹس رپورٹر)بھارت کیخلاف میچ کھیل لیں،پاکستان کو منانے کیلئے آئی سی سی کی منت سماجت،چند گھنٹوں میں بڑی پیشرفت کا امکان ہے۔

آئی سی سی کا مصالحتی وفد ڈپٹی چیئرمین عمران خوا جہ کی قیادت میں قذافی سٹیڈیم پہنچا توچیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے استقبال کیا،ملاقات کے دوران ٹی20 ورلڈ کپ تنازع، پاکستان کے بھارت کےخلاف میچ کے بائیکاٹ کے بعد پیدا ہونےوالی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ کی جانب سے پاکستان کو منانے کی بھرپور کوشش کی گئی،پاک بھارت میچ پر چند گھنٹوں میں بڑی پیشرفت متوقع ہے،قبل ازیں لاہور ایئرپورٹ پر ایڈوائزر ٹو چیئرمین پی سی بی عامر میر نے عمران خواجہ کا استقبال کیا۔

دریں اثنا صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام بھی ہنگامی دورے پر لاہورپہنچے،پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو افسر سلمان نصیر نے استقبال کرتے ہوئے کہا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔

بعدازاں امین الاسلام نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی،اہم امور زیر بحث آئے، صدر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ امین الاسلام نے بنگلہ دیش کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔