عازمین حج اخراجات کی ادائیگی صرف سرکاری ڈیجیٹل نظام سے کریں: وزارت مذہبی امور

کراچی (بیورو رپورٹ) وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کیلئے نجی حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنے کے خواہشمند پاکستانی عازمین کو حج اخراجات کی ادائیگی کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔وزارت مذہبی امور کے مطابق نجی حج سکیم کے عازمین حج اخراجات کسی فرد یا حج آپریٹر کو نقد رقم کی صورت میں ادا نہ کریں بلکہ ادائیگی صرف سرکاری طور پر مقرر کردہ ڈیجیٹل حج انتظامی نظام یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائے۔وزارت نے واضح کیا کہ مقررہ طریقہ کار کے علاوہ کسی غیر مجاز فرد کو نقد رقم یا کسی دوسرے غیر سرکاری ذریعے سے ادائیگی نہ کی جائے، بصورت دیگر عازمین کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ادائیگی کا مقصد عازمین کو ممکنہ فراڈ سے محفوظ رکھنا اور نجی حج آپریٹرز کے معاملات کی مو¿ثر نگرانی یقینی بنانا ہے۔حج پالیسی کے تحت حج 2027 کیلئے نجی حج سکیم کے عازمین کو صرف ان حج آپریٹرز کا انتخاب کرنا ہوگا جو باضابطہ طور پر لائسنس یافتہ ہوں۔ وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ حج آپریٹر کا انتخاب کرتے وقت اس کی قانونی حیثیت اور لائسنس کی تصدیق ضرور کریں۔حج 2027 کیلئے پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 عازمین مقرر کیا گیا ہے جس میں سے 71 ہزار 684 عازمین نجی حج سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرسکیں گے، جبکہ باقی عازمین سرکاری حج سکیم کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کریں گے۔