اسلا م آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان، جاپان نے پٹرولیم، جیوسائنسز ، معدنی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔
وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی کا جیولوجیکل سروے آف پاکستان میں استقبال کیا ،دونوں ممالک کے درمیان پٹرولیم شعبے بالخصوص جیوسائنسز اور معدنی تحقیق میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا،ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان جیوسائنسز اور معدنی تحقیق کے شعبے میں جاری طویل المدتی سائنسی تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
علی پرویز ملک نے کہا جاپان اور جائیکا کی معاونت سے جیوسائنس ایڈوانس ریسرچ لیبارٹریز کا قیام دونوں ممالک کے درمیان تعاون کا اہم سنگ میل ہے، پاکستان معدنی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کر رہا ہے اور روایتی طریقوں کی جگہ جدید ٹیکنالوجی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ معدنی وسائل کی تحقیق اور ترقی کو موثر بنایا جا سکے،اس موقع پر جیو سائنسز ایڈوانس ریسرچ لیبارٹری کی تاریخ، ارتقاءاور جدید صلاحیتوں پر مبنی ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
جاپانی سفیر اکاماتسو شوئیچی نے پاکستان کی سائنسی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا جاپان جیوسائنسز کے شعبے میں تکنیکی تعاون اور سائنسی تبادلوں کے فروغ میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے، مستقبل میں جیوسائنسز، لیبارٹری طریقہ کار اور تکنیکی استعداد کار بڑھانے کےلئے دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دی جائےگی،اس موقع پر پٹرولیم ڈویژن، جیولوجیکل سروے آف پاکستان، جاپانی سفارتخانے اور جائیکا کے سینئر حکام نے شرکت کی۔
پاکستان، جاپان پٹرولیم، جیوسائنسز ، معدنی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر متفق



















