صبر کی بھی ایک حد ہوتی ہے، ایران کی متحدہ عرب امارات کو سخت تنبیہ

تہران (مشرق نیوز) ایرانی سپریم لیڈر کے ملٹری سیکرٹری محسن رضائی نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے تعلقات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایران خطے میں اسرائیلی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ محسن رضائی نے اپنے بیان میں کہا کہ تہران، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات اور روابط سے پوری طرح آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ امارات کو اسرائیل کی سازشوں میں الجھنے سے گریز کرنا چاہیے اور یہ بھی سمجھ لینا چاہیے کہ ایران کے صبر کی ایک حد ہے۔ ایرانی عہدیدار نے مزید کہا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود تہران نے ابوظہبی کے ساتھ دوستی اور تعلقات کے دروازے بند نہیں کئے۔

محسن رضائی نے امریکہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں کا محاصرہ ختم کیا جائے ورنہ بحیرہ عمان امریکی فوج کا قبرستان بن سکتا ہے۔ سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں امریکی بحری ناکہ بندی کو جنگی اقدام قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا مقابلہ کرنا تہران کا حق ہے، جتنا زیادہ ایران کی بحری ناکہ بندی جاری رہے گی اتنا ہی زیادہ نقصان دنیا کے دیگر ممالک کو بھی پہنچے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ امریکہ کو عملی طور پر ثابت کرنا ہوگا کہ اس پر اعتماد کیا جا سکتا ہے، ہماری مسلح افواج کی انگلی ٹریگر پر ہے اور اسی وقت سفارتکاری کا عمل بھی جاری ہے۔