پاکستان قابل اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیا،ترک میڈیا

انقرہ: (مشرق نیوز)ترک میڈیا نے کہا ہے پاکستان کا کردار مشرق وسطیٰ کی بدلتی سیاست میں نمایاں ،امریکہ ایران کشیدگی کے دوران پاکستان دونوں فریقین میں قابل اعتماد ثالث کے طور پر سامنے آیا۔

سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی ورلڈ نے کہا علاقائی قوتوں کے برعکس پاکستان نے خاموش، منظم اور موثر سفارت کاری کا راستہ اپنایا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ثالثی اور سفارتی کردار نے پاکستان کی علاقائی اہمیت کو نئی تقویت دی، سیدعاصم منیر حقیقت پسند اور نتائج پر مبنی سفارتی انداز رکھنے والی شخصیت کے طور پر سامنے آئے۔

رپورٹ کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارت کاری تشہیر کی بجائے خاموش روابط اور بیک چینل ڈپلومیسی پر مبنی ہے، مشکل حالات میں بھی امریکہ ،ایران کے درمیان روابط کا سلسلہ برقرار رکھا،جغرافیہ، عسکری و انٹیلی جنس ساکھ اور امریکہ ،ایران سے روابط نے پاکستان کو منفرد سفارتی حیثیت دی، پاکستان کی عسکری قیادت اقتصادی راہداری، علاقائی روابط و سفارت کاری کے ضامن کے طور پر ابھری،پاکستان کو اپنا اثر و رسوخ برقرار رکھنے کےلئے معاشی مسائل پر قابو پانا ہوگا۔