مناسک حج کا آغاز، لبیک اللھم لبیک کی صدائیں ، منیٰ میں روح پرور مناظر

مکہ مکرمہ (مشرق نیوز) دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں عازمین حج نے مناسک حج کا آغاز کرتے ہوئے خیموں کے شہر منیٰ کا رخ شروع کر دیا جہاں روحانی ماحول میں عبادت اور اللھم لبیک کی صدائیں گونج رہی ہیں،آج9 ذی الحج کو حج کے سب سے اہم رکن وقوف عرفہ کی ادائیگی کےلئے منیٰ سے عرفات روانگی ہوگی،میدان عرفات میں خطبہ حج سننے کے بعد ظہر، عصر ملا کر ادا کریں گے، وقوف عرفات کے بعد حجاج کرام مغرب کے بعد میدان عرفان سے مزدلفہ پہنچیں گے،سعودی حکام کی جانب سے عازمین حج کو ہدایت کی گئی ہے وہ غیر ضروری دھوپ سے بچیں زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور حفاظتی ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ گرمی کے اثرات سے محفوظ رہ سکیں،سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد 15 لاکھ سے تجاوز کر چکی ،بڑی تعداد فضائی راستے سے مکہ پہنچی، 30 فیصد عازمین مکہ روٹ انیشی ایٹو کے ذریعے پہنچے،ادھر مقدس مقامات پر عازمین کی سہولت کےلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جن میں سایہ دار جگہوں، کولنگ فینز اور طبی سہولیات میں اضافہ شامل ہے،دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے حج کے دنوں میں مکہ مکرمہ اور اطراف میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جس کے دوران درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔