سویا اور دالوں کا استعمال ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ کم کر سکتا ہے: تحقیق

لندن (مشرق نیوز) ایک نئی تحقیق کے مطابق سویا اور دالیں ہائی بلڈ پریشر کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ 12 مختلف مطالعوں کے تجزیے پر مبنی یہ تحقیق بتاتی ہے کہ دالوں اور سویا کے استعمال اور ہائی بلڈ پریشر کے کم خطرے کے درمیان ممکنہ طور پر براہ راست تعلق موجود ہے۔

بی ایم جے نیوٹریشن، پریونشن اینڈ ہیلتھ میں رواں ماہ شائع ہونے والی یہ تحقیق امپیریل کالج لندن کےڈاکٹر ڈیگفن اون کی معاونت سے پلانٹ بیسڈ ہیلتھ پروفیشنلز یوکے نے انجام دی۔ تجزیے میں شامل مختلف مطالعوں میں شرکا کی تعداد 1152 سے لے کر 88 ہزار 475 تک تھی۔

محققین نے یہ جاننے کیلئے تحقیق کی کہ آیا دالوں اور سویا کے استعمال کا ہائی بلڈ پریشر کے خطرے سے کوئی تعلق ہے یا نہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ زیادہ دالیں اور سویا استعمال کرتے ہیں، ان میں ہائی بلڈ پریشر ہونے کا خطرہ نسبتاً کم ہوتا ہے۔ ماہرین نے زور دیا کہ یہ نتائج دالوں کے زیادہ استعمال کے شواہد کو مضبوط بناتے ہیں۔