ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام اور محکمہ ہائی وے کے جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس شفیق احمد ڈوگر، ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو، ایکسین ہائی وے رمضان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ ایم ڈی واسا اور ایکسین ہائی وے نے منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ منصوبے بروقت مکمل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرون شہر جاری ترقیاتی سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت اور ٹریفک کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے دوران حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور کام کی جگہ پر سائن بورڈز لگائے جائیں۔ کمشنر ساہیوال نے کہا کہ جاری تعمیراتی کاموں کے دوران پانی کا باقاعدہ چھڑکا¶ لازمی کیا جائے تاکہ گردوغبار اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے۔ علاوہ ازیں کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر اختر اور ایم ایس ہسپتال ڈاکٹر فیصل وحید نے طبی و انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے نرسری وارڈ، کارڈک سٹور اور ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سٹور میں ادویات کی دستیابی اور ریکارڈ چیک کیا اور آکسیجن جنریشن پلانٹ اور سپلائی سسٹم کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے گرلز و بوائز ہاسٹلز کی فوری مرمت کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے طبی سہولیات بارے بھی دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے لواحقین کے لیے ویٹنگ ایریا کو مزید وسیع کیا جائے اور ہسپتال میں صفائی کا نظام مزید بہتر بنایا جائے۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈیوٹی ڈاکٹرز کو فرائض نیک نیتی اور ذمہ داری سے ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے جسکا فائدہ عوام کو پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین طبی سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔
بروقت تکمیل کیلئے ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی جائے : کمشنر ساہیوال



















