لاہور (قمر عباس نقوی) پاکستان ریلویز لاہور ڈویژن کے شعبہ الیکٹرک کے ملازمین کی جانب سے بقایا الاونسز اور دیگر مالی واجبات کی عدم ادائیگی کے خلاف کی گئی ہڑتال کے بعد ریلوے انتظامیہ نے متعدد ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کرنے کا منصوبہ جبکہ مذاکرات کے بعد ملازمین نے عارضی طور پر ہڑتال ختم کر کے ڈیوٹی دوبارہ سنبھال لی ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکٹرک ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین گزشتہ تقریباً ڈھائی سال سے ٹریول الاونس، میڈیکل کلیمز اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی پر شدید تحفظات رکھتے تھے اور کئی بار متعلقہ حکام کو درخواستیں بھی دے چکے تھے مطالبات پورے نہ ہونے پر ملازمین نے احتجاجاً ٹرینوں پر اپنی ڈیوٹی انجام دینے سے انکار کر دیا جس کے باعث لاہور ڈویژن سے چلنے والی متعدد مسافر ٹرینوں کے الیکٹرک سسٹم اور اے سی کوچز کا نظام متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا۔ صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے ریلوے انتظامیہ نے فوری طور پر ہنگامی اقدامات کیے اور افسران، سب انجینئرز اور سپروائزری اسٹاف کو متبادل طور پر ٹرینوں کے ساتھ تعینات کیا تاکہ ٹرین آپریشن کو جاری رکھا جا سکے اور مسافروں کو کسی بڑی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس دوران ڈویژنل افسران مسلسل صورتحال کی نگرانی کرتے رہے ہڑتال کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ نے احتجاج میں شامل ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کیے ہیں جن میں ان سے بغیر اجازت ڈیوٹی چھوڑنے اور سرکاری کام میں خلل ڈالنے کی وضاحت طلب کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ غیر حاضر ملازمین کی فہرستیں مرتب کر کے ان کا مکمل ریکارڈ بھی محفوظ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال کسی ملازم کو معطل یا برطرف نہیں کیا گیا تاہم محکمانہ کارروائی کا عمل جاری ہے اور آئندہ کی صورتحال کے مطابق مزید ایکشن لیا جا سکتا ہے۔ بعد ازاں لاہور میں ریلوے حکام اور ملازمین کے نمائندوں کے درمیان مذاکرات ہوئے جن میں ملازمین کے بقایا الاو¿نسز اور دیگر مطالبات کو حل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی مذاکرات کے بعد ملازمین نے عارضی طور پر ہڑتال ختم کرنے اور اپنی ڈیوٹیاں دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے تاہم شوکاز نوٹسز کا عمل جاری ہے اور معاملے کا حتمی فیصلہ محکمانہ کارروائی اور جاری مذاکرات کے نتائج کی روشنی میں کیا جائے گا ذرائع کے مطابق اگر مستقبل میں دوبارہ بغیر اجازت ہڑتال کی گئی تو سروس رولز کے تحت سخت کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے جبکہ ملازمین نے بھی اپنے مطالبات کی منظوری تک صورتحال پر نظر رکھنے کا اعلان کیاانتظامیہ نے کہا کہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا تاہم لاہور ڈویژن میں ٹرینوں کا نظام معمول کے مطابق جاری ہے اور الیکٹرک اسٹاف اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے۔
ملازمین کے ریلوے انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات، ہڑتال ختم ، کام شروع



















