اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاہے حکومت معاشی استحکام و ترقی ،عوامی فلاح و بہبود کےلئے تمام ضروری اقدامات پر عزم انداز میں جاری رکھے گی، پاکستان مشکل صورتحال کو بڑی کامیابی و موثر طریقے سے حل کر رہا ہے۔
شہبازشریف کی زیر صدارت خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں ملک پر مالیاتی و معاشی اثرات سے نبرد آزما ہونے کی درمیانی، طویل مدتی لائحہ عمل کےلئے جائزہ اجلاس ہوا۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں ،اداروں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی اورتعاون مزید موثر کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہادنیا کے کئی ممالک کو حالیہ صورتحال کے تناظر میں اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد کا توازن برقرار رکھنے میں مشکل درپیش ،پاکستان مشکل صورتحال کو بڑی کامیابی ،موثر طریقے سے حل کر رہا ہے،تمام اداروں کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کی روک تھام کےلئے موثر ،بروقت اقدامات لائق تحسین ہیں،اشیائے خورو نوش کی ملکی ضروریات کی فراہمی کے بعد وافر مقدار برآمد کرنے کےلئے جامع حکمت عملی پر پیشرفت کامیابی سے جاری ہے۔
شہبازشریف نے کہاعالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے کے رجحان کے اثرات سے نبرد آزما ہونے کےلئے جامع حکمت عملی مرتب کرتے وقت بیرونی ،اندرونی میکرو اکنامک اثرات کو بھی جانچا جائے،مرتب کردہ حکمت عملی معیشت کے تمام شعبوں کی پیداوار ، طلب و رسد کے توازن کو متاثر نہ کرے۔
علاوہ ازیں ایک اور اجلاس میںوزیر اعظم شہباز شریف نے عصری تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو تکنیکی و فنی تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا حکومت تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنے کیلئے متعدد اقدامات کر رہی ہے، نوجوان قوم کا مستقبل ، عصری تقاضوں کے مطابق تکنیکی و فنی تربیت فراہم کر نے کیلئے اقدامات میں تیزی لائی جائے،نیوٹک کے ذریعے شروع کئے گئے جامع تربیتی پروگرام کے مثبت نتائج آنا شروع ہوگئے،نوجوانوں کی بین الاقوامی سرٹیفیکیشن کےساتھ فنی و تکنیکی تربیت ترجیح ہے
دریں اثناوزیراعظم شہباز شریف سے عالمی ڈیجیٹل آپریٹر”ویون“( VEON )گروپ کے چیف ایگزیکٹو افسرکان ترزی اوعلو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی،کان ترزی اوعلو نے کیش لیس اکانومی ،معیشت کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن کےلئے وزیراعظم کی نگرانی میں کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری بڑھانے کے ارادے کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے ملک میں ڈیجیٹل آپریٹرز انڈسٹری میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدت و بین الاقوامی سرمایہ کاری کو بڑھانے کےلئے موثر ،جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہا ،5 جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی شعبے میں جدت کےلئے مثبت و موثر سمت کا ثبوت ہے، عوام کو معیاری انٹرنیٹ سروسز مہیا کرنے کےلئے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون ،ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں، تمام شعبوں میں شفافیت ، سرمایہ کاری بڑھانے کےلئے بہت موثر اقدامات کیے ۔
پاکستان مشکل صورتحال کو بڑی کامیابی، موثر طریقے سے حل کر رہا ہے،وزیراعظم



















