نیویارک،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں و بہتر اضافہ،مستقبل کا منظرنامہ مستحکم ،ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی طویل المدتی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کردی۔
ایس اینڈ پی گلوبل ریٹنگ کے مطابق آئی ایم ایف کےساتھ جاری اصلاحات کے اچھے نتائج سامنے آنا شروع ،زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں و بہتر اضافہ،معاشی اصلاحات سے مالیاتی کارکردگی بہتر ہوئی ،توقع ہے بہتری سے معاشی نمو کا تسلسل رہے گا،مستقبل کا منظرنامہ مستحکم ہے، پاکستان کی طویل المدتی کریڈٹ ریٹنگ بی مائنس (B-) سے بڑھا کر بی (B) کردی ،بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی نے کہااپ گریڈ ادارہ جاتی صلاحیت میں بہتری ، ایم ایف تعاون سے جاری اصلاحات، مالیاتی کارکردگی میں بہتری اور زرمبادلہ ذخائرمیں نمایاں اضافے کی بدولت کیا گیا،اپ گریڈ کے بعد پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ تقریباً 8 سال کی بلند ترین سطح پرجاپہنچی
کہاگیا2برسوں کے دوران ادارہ جاتی استحکام، آئی ایم ایف اصلاحاتی پروگرام پر موثر عمل درآمد اور مالیاتی نظم و ضبط نے پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا،ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے ،محصولات میں اضافے کی کوششوں کے باعث مالیاتی خسارہ کم ،حکومتی قرضوں کے بوجھ میں بھی بتدریج کمی کی توقع ہے،جون 2026 کے اختتام تک زرمبادلہ ذخائر بڑھ کر 25.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔
کریڈنگ ریٹنگ ایجنسی نے کہا موجودہ ذخائر آئندہ 12ماہ کے دوران بیرونی ادائیگیوں کی ضروریات پوری کرنے کےلئے کافی ہیں، آئی ایم ایف پروگرام کے بیشتر اہداف کامیابی سے حاصل کرنے پرفنڈز کی بروقت فراہمی ممکن ہوئی،مالی سال 2027 میں اقتصادی شرح نمو 3.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی ہے۔
ایس اینڈ پی گلوبل نے کہا اصلاحات کا تسلسل معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بنے گا، مشرق وسطیٰ تنازع کے سبب توانائی قیمتوں میں اضافے سے محدود دباو برقرار رہ سکتا ہے،حکومت مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے میں ناکام رہی، بیرونی مالی معاونت میں کمی آئی یا سودی ادائیگیوں کا بوجھ دوبارہ نمایاں طور پر بڑھ گیا تو پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ پر منفی دباو پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ریٹنگ بہتر ہونے کو ملکی معیشت کےلئے اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہاکامیابی حکومتی موثر معاشی پالیسیوں، مالیاتی نظم و ضبط، اصلاحاتی اقدامات اور قومی معیشت کو مستحکم بنانے کی مسلسل کوششوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے،عالمی ادارے کی جانب سے درجہ بندی میں بہتری ثبوت معیشت کو استحکام دینے، ٹیکس نظام بہتر بنانے، مالی خسارے میں کمی لانے اور زرمبادلہ ذخائر کو مضبوط بنانے کے اقدامات درست سمت میں گامزن ہیں۔
شہبازشریف نے کہاحکومت نے مشکل مگر ضروری معاشی فیصلے کیے، مثبت نتائج اب عالمی سطح پر بھی تسلیم کیے جا رہے ہیں،پیشرفت سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا، سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی کی رفتار میں مزید تیزی آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا اسحاق ڈار، اورنگزیب، اقتصادی ٹیم ،متعلقہ اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،حکومت معاشی اصلاحات کے سفر کو پوری سنجیدگی ،مستقل مزاجی کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو مضبوط، مستحکم اور پائیدار اقتصادی بنیادیں فراہم کی جا سکیں۔
ایس اینڈ پی گلوبل نے پاکستان کی طویل المدتی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کردی



















