لاہور:(نمائنہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال سمیت خطے کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال اور ایران امریکہ مفاہمت کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
دونوں رہنماوں نے ایران امریکہ مفاہمت کو خطے میں امن، استحکام اور کشیدگی کے خاتمے کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ ملاقات میں حافظ نعیم الرحمن نے صومالیہ میں پھنسے پاکستانی شہریوں کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت محصور پاکستانیوں کی فوری اور بحفاظت واپسی کے لیے اپنا موثر سفارتی کردار ادا کرے اور ان کی مدد کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے، مہنگائی میں کمی اور معیشت کی بہتری کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران امریکہ مذاکرات اور اس حوالے سے حکومت پاکستان کی سفارتی کوششوں سے حافظ نعیم الرحمن کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے خطے میں امن کے لیے ناقابل فراموش کردار ادا کیا، کشیدگی کے خاتمے کا کریڈٹ پاکستان کو جاتا ہے۔ملاقات میں امن و امان اور سیاسی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم ، فیلڈ مارشل کا امن کیلئے کردار ناقابل فراموش ہے، محسن نقوی



















