حکومت کے تعاون سے 8 مصروف ترین ریلوے کوریڈورز بحال کررہے ہیں :حنیف عباسی

لاہور (اپنے نمائند ے سے) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے اصلاحات کی علامت بن رہی ہے اوروزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں جدیدیت اور عوامی خدمت کا نیا باب رقم ہو رہا ہے۔ ایکس پر جاری اپنے بیان میں وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی بصیرت افروز قیادت میں پاکستان ریلوے اصلاحات، جدت اور بہتر سروس ڈیلیوری کی علامت بن کر ابھر رہی ہے۔ کارکردگی، شفافیت اور عوامی فلاح پر غیر متزل عزم نے ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی راہ ہموار کی ہے تاکہ ہر پاکستانی کو اس کا فائدہ پہنچے۔حنیف عباسی وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ستھرا پنجاب مہم کے تحت پنجاب بھر کے ریلوے اسٹیشنوں پر صفائی اور مسافروں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے نئے معیار قائم کیے جارہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب کے تعاون سے پنجاب کے 8مصروف ترین ریلوے کوریڈورز کو جدید ملٹیپل یونٹس کے ذریعے بحال کیا جا رہا ہے۔ 117 ریلوے پھاٹکوں پر عملے کی تعیناتی سے نہ صرف آپریشنل کارکردگی بہتر ہوئی ہے بلکہ مسافروں کی سہولت میں اضافہ اور قیمتی جانوں کا تحفظ بھی ممکن ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا تاریخی ریلوے سٹیشنوں ٹیکسلا، راولپنڈی، بھیرہ اور لاہور کی بحالی اور تحفظ کا عزم بھی قابل تحسین ہے۔اس اقدام کا مقصد پاکستان کے بھرپور ریلوے ورثے کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے ایک جدید اور ڈیجیٹل مستقبل سے ہم آہنگ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مل کر پاکستان ریلوے کو جدید بنانے، قومی رابطوں کو مضبوط کرنے، معاشی ترقی میں معاونت کرنے اور ہر پاکستانی کو محفوظ، موثر، سستی اور باوقار ریل سفری سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں رہیں گے۔