مشکل وقت میں پاکستان ایران کا حقیقی دوست ثابت ہوا: باقر قالیباف

تہران (مشرق نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ پاکستان مشکل وقت میں ایران کا حقیقی دوست ثابت ہوا۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کے دوران ایران کے پارلیمانی سپیکر و چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان کے عوام اور قیادت کی رفاقت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

باقر قالیباف نے کہا کہ پاکستان کے عوام خوشی اور آزمائش دونوں مواقع پر ایران کے مخلص دوست ثابت ہوئے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ایران کی ترقی سے خطے میں امن اور استحکام کو بھی فروغ ملے گا، باہمی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔

علاوہ ازیں چینی پیپلز کانگریس کے نائب صدر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ امریکہ کو آبنائے ہرمز میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین ایران کے درمیان سیاسی اقتصادی تعاون کو سراہتے ہیں ، دونوں ممالک کے درمیان سٹرٹیجک تعلقات کومزید فروغ دیں گے۔

باقر قالیباف نے کہا کہ ایران چین کے مضبوط تعلقات دنیا میں کشیدگی کم کرنے میں موثر ثابت ہوں گے، چین ایسا ملک ہے جو مشکل اوقات میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے، آبنائے ہرمز میں چینی جہازوں کی آمدورفت سے متعلق مسائل حل کر دئیے ہیں تاہم امریکہ کو آبنائے ہرمزمیں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔