میٹرو بس، اورنج لائن و دیگر پبلک ٹرانسپورٹ سے ٹریفک دباو میں نمایاں کمی ہوئی :عبدالرحیم شیرازی

لاہور (کرائم رپورٹر) ساوتھ ایشین کالمسٹ کونسل (ساک) کے وفد نے چیف ٹریفک پولیس آفیسر (سی ٹی او) لاہور عبدالرحیم شیرازی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران لاہور کی ٹریفک صورتحال، درپیش چیلنجز، جدید ٹریفک مینجمنٹ، ڈیجیٹل نظام اور جاری اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے صحافیوں اور کالم نگاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی تعداد 70 سے 80 لاکھ کے درمیان ہے جبکہ شہر کی سڑکوں کی مجموعی لمبائی تقریباً 1500 کلومیٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد 80 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے اور ہر سال تقریباً 3 لاکھ نئی گاڑیاں سڑکوں پر آ رہی ہیں جس کے باعث ٹریفک کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت ہر ساڑھے تین ہزار گاڑیوں کیلئے صرف ایک ٹریفک پولیس اہلکار دستیاب ہے جبکہ لاہور ٹریفک پولیس میں مجموعی طور پر 3000 اہلکار اور 215 سینئر ٹریفک وارڈنز فرائض انجام دے رہے ہیں۔ عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال ڈیجیٹل چالان اور ای چالان ریکوری کی شرح میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے رجحان میں بھی 300 فیصد اضافہ ہوا ہے جو شہریوں میں ٹریفک قوانین سے آگاہی اور شعور میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو 15 پر موصول ہونے والی کالز میں کمی آئی ہے تاہم ٹریفک حادثات کی شرح گزشتہ سال کی نسبت زیادہ رہی ہے۔ ملاقات کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں، بڑھتے ہوئے ٹریفک دباو، ہیلمٹ قوانین، جرمانوں میں اضافے، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکے معیار سے متعلق مختلف سوالات بھی زیر بحث آئے۔ سی ٹی او لاہور نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراءکے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ٹریفک حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو بس، اورنج لائن اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ منصوبوں کے باعث شہر میں ٹریفک کے دباو میں کسی حد تک کمی آئی ہے، تاہم لاہور کے متعدد علاقوں میں اب بھی شدید ٹریفک مسائل موجود ہیں جن کے حل کیلئے مختلف منصوبوں پر غور کیا جا رہا ہے۔ ساو¿تھ ایشین کالمسٹ کونسل کے وفد میں اشرف سہیل، ضمیر آفاقی، شیر علی خالطی، رقیہ غزل، مقصود خالد، سینئر صحافی تمثیلہ چشتی، کامران ابرار، معارج ضمیر، حفیظ الرحمن، مظہر چوہدری، جاوید اقبال، احسن رضا، ناصف اعوان، شہزاد چوہدری، شعیب مشرق ڈیجیٹل اور دیگر اراکین شامل تھے۔ وفد کے اراکین نے لاہور ٹریفک پولیس کی کارکردگی اور ٹریفک نظم و ضبط کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، مو¿ثر قانون سازی اور عوامی تعاون کے ذریعے ٹریفک مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ملاقات کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ٹریفک مسائل کے حل کیلئے صرف پولیس کی کوششیں کافی نہیں بلکہ شہریوں کی ذمہ داری، بہتر ٹرانسپورٹ منصوبہ بندی اور ٹریفک قوانین کی پابندی بھی ناگزیر ہے۔ بعد ازاں ساوتھ ایشین کالمسٹ کونسل کی جانب سے چیف ٹریفک پولیس آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔