اسلام آباد:(بیورورپورٹ) پاکستان سمیت 14 مسلم ممالک نے اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے مغربی کنارے کے الحاق یا غزہ سے علیحدگی کی کسی بھی کوشش کو مسترد کردیا۔
مشترکہ اعلامیے میں پاکستان ،مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، انڈونیشیا، کویت، عمان، ترکیہ، سعودی عرب، بحرین، لبنان، شام اور فلسطین کے وزرائے خارجہ نے کہامنفی بیانات بین الاقوامی قانون ،اقوام متحدہ چارٹر کی صریح خلاف ورزی اور خطے کے امن و استحکام کےلئے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔
مسلم ممالک نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہی خطے میں پائیدار امن کی ضمانت ہے،اشتعال انگیز بیانات کشیدگی بڑھانے کےساتھ امن کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں،اسرائیل کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں یا کسی بھی دیگر مقبوضہ عرب سرزمین پر کسی قسم کی خودمختاری حاصل نہیں،اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں اور غیر قانونی اقدامات کا تسلسل خطے میں تشدد ، تصادم کو مزید ہوا دے گا ،اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ فوری بند کیاجائے۔
امریکی سفیر کابیان خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہے،مسلم ممالک



















