عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام وسائل استعمال کئے جا رہے ہیں : سلمان رفیق

لاہور (اپنے نمائندے سے) صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ صحت اقدامات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف منسٹرزچلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام، چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام اور چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈاکٹر عدنان خان اور چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر نے شرکت کی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سی ای ا و پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹرعلی رزاق، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پروفیسر بلال محی الدین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ملتان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر حامد سعید، ایگزیکٹو ڈائریکٹر راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور ایم ایس وزیر آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔خواجہ سلمان رفیق کو اجلاس کے دوران صحت کے تینوں پراجیکٹس کے مانیٹرنگ فریم ورک،سروس ڈلیوری اور مریضوں کی سہولت کی خاطراٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے دوران صحت کے تینوں نئے اور منفرد پراجیکٹس کے حوالے سے پبلک فیڈ بیک کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے تینوں فلیگ شپ پروگرامز میں شفافیت کو یقینی،سروس کا معیار بہتر بنانے اور مریضوں کی آسانی کیلئے بہترین مانیٹرنگ کی اہمیت پرزوردیا ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا ہے کہ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو در پیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت اب تک صوبہ بھرمیں الحمداللہ 8,000 سے زائد معصوم بچوں کی اربوں روپوں کی لاگت سے بالکل مفت ہارٹ سرجریز کر چکے ہیں۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت پنجاب میں اب تک خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں، آزاد کشمیر سے 192، اسلام آباد سے 85، بلوچستان سے 25، گلگت بلتستان سے 23 جبکہ سندھ سے تعلق رکھنے والے 17 بچوں کی بالکل مفت کارڈیک سرجری کی جا چکی ہے۔ چیف منسٹرز سپیشل انشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 432 رینل ٹرانسپلانٹس، 216 کوکلیئر، 139 لیور، 16 بون میرو جبکہ 5 کونئیل ٹرانسپلانٹس بالکل مفت کر چکے ہیں۔ چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 211 ہسپتالوں میں 9.5 لاکھ سے زائد مریضوں کے بالکل مفت ڈائیلسز کر چکے ہیں۔چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت ڈائیلسز کیلئے اب تک ہسپتالوں میں 28 ہزار سے زائد مریض رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ پنجاب کی عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔