لاہور:(نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے گلی،محلوں میں آلائشیں پھینکنے والوں کو 50ہزار روپے جرمانے کی منظوری دےدی،ممنوع مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے کی روک تھام ، نگرانی کیلئے ویجلینس سکواڈ قائم ،عوام کو ممنوعہ مقامات پر باقیات اور آلائشیں پھینکنے سے روکنے کی جامع ابلاغ عامہ مہم کی ہدایت کردی گئی،
مریم نواز کی زیرصدارت ویڈیو لنک ا جلاس میں عید الاضحی پر صفائی کے فول پروف انتظامات کاپلان تیار ،ہر شہر میں ڈرین،کینال ، پرائیویٹ ہاوسنگ سوسائٹیوں ، ریلوے کالونیز، کنٹونمنٹ ایریاز ،پنجاب بھر میں نمایاں 2687کمرشل مارکیٹوں کی صفائی کا خصوصی اہتمام کرنے کاحکم دیدیا،وزیراعلیٰ نے کہاعیدالاضحی پر صفائی کےلئے ون گورنمنٹ یونٹ بن کر کام کرنا ہے،اعلیٰ صفائی پر انعام اور ستائش اور شکایات پر سزا اور جزا کاعمل ہوگا،صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق اور سیکرٹری بلدیات میاں شکیل احمد نے بریفنگ دی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا چاندرات کے آخری پہر،کمرشل مارکیٹوں، مرکزی شاہراہوں اورچوراہوں کی صفائی کی جائےگی،عیدالاضحی پر باقیات اورآلائشیں ڈالنے کےلئے ڈی گریڈ ایبل شاپنگ بیگ مہیا کئے جائیں گے،ستھرا پنجاب عملہ ڈور ٹو ڈور کولیکشن کرے گا،میونسپل کارپوریشن اور تحصیلوں میں 15،15اورہر یوسی میں 4 تک اضافی لوڈررکشے مہیا کئے جائیں گے،وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر نمازعید اجتماعات اور مساجد میں عرق گلاب سپرے کیاجائےگا۔
ستھرا پنجاب کی ٹیمیں عید سے پہلے،یوم عیدالاضحی اورعید کے تیسرے روز تک متحرک ہوں گی،ستھراپنجاب کی ٹیمیں صفائی سے متعلق عوامی آگاہی پیدا کرنے کے لئے رکشوں پر منادی کریں گی، صوبہ بھر میں عید صفائی آپریشن میں 176000سینٹری ورکر اور8ہزار سے زائد عارضی کارکن حصہ لیں گے،جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کےلئے 3800پرائمری کولیکشن سنٹر قائم کر دئیے گئے،3100ڈمپنگ سائٹس مقررکر دی گئیں ،صوبہ بھر میں باقیات اورآلائشوں کو تلف کرنے کےلئے7ہزار ڈمپنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے۔
ڈرین کی صفائی کےلئے ڈی واٹرمشینیں،جیٹر سیٹ اور سیک شن یونٹ کی دستیابی یقینی بنائی جائےگی،ستھرا پنجاب عیدآپریشن کےلئے صوبہ بھر میں 4500خصوصی کیمپ قائم کئے جائیں گے،اجتماعی قربانی کیلئے1200قربان گاہوں پر صفائی کے خصوصی انتظامات ہوں گے،عیدالاضحی ستھرا پنجاب آپریشن کے دوران صوبہ بھر میں 40ہزار سے زائداضافی وہیکل استعمال ہوں گی،عید الاضحی ستھرا پنجاب آپریشن کےلئے لوڈر رکشہ،منی ڈمپر، ٹریکٹر ٹرالی اورپک اپ ہائر کی جائیں گی،چاند رات سے قبل قبرستانوں کی خصوصی صفائی بھی کی جائےگی۔
پنجاب بھر میں 285کیٹل مارکیٹوں اور171سیل پوائنٹس پر ستھرا پنجاب کی ٹیمیں صفائی کےلئے تعینات ہوں گی،ستھرا پنجاب کے ہیلپ لائن نمبر1139پر کال کرنے کی سہولت موجو دہے،متعلقہ ڈپٹی کمشنر،ایم ڈی واسا اورمیونسپل کارپوریشن کے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے،صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کےلئے11مختلف سورس سے معلومات حاصل کرنے کانظام قائم کردیا گیا،عید کے تیسرے روزتمام کولیکشن پوائنٹس اور ڈسپوزل کلیئرکرنے کی ہدایت کی۔
پنجاب،ممنوع مقامات پر باقیات ، آلائشیں پھینکنے کی روک تھام، نگرانی کیلئے ویجلینس سکواڈ قائم



















