طے شدہ شرائط پوری ہونے تک مزید مذاکرات نہیں کرینگے: ایران

تہران (مشرق نیوز) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکرباقرقالیباف نے ایرانی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جاری موجودہ ملاقاتوں کا مقصد ایم او یوکے تحت کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔ باقرقالیباف نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ شرائط پوری ہونے تک ایران مزید مذاکرات میں شامل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ لبنان، ایران، امریکہ،لبنان میں جنگ کے خاتمے کی نگرانی کیلئے ایک مشترکہ کمیٹی قائم کریں گے۔ باقرقالیباف نے بتایا کہ بحری ناکہ بندی کے خاتمے کے بعد سے ایران 40 ملین سے زائد بیرل تیل برآمد کر چکا ہے، ایران آبنائے ہرمز میں اپنے حقوق پر کبھی سمجھوتا نہیں کریگا۔

انکا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق آبنائے ہرمز سے بغیر کسی لاگت کے گزرنے کی اجازت صرف 60 دن کیلئے ہوگی، آبنائے ہرمز پر خودمختاری ایران اور عمان کی ہے، آبی گزرگاہ میں بحری آمدورفت انہی انتظامات کے مطابق ہوگی جو ایران مقرر کرےگا۔

ایرانی سپیکر باقرقالیباف نے کہاکہ ہم خلیج کے ساحلی ممالک کے ساتھ باہمی مشاورت اور تبادلہ خیال کرتے ہیں، اگر امریکہ ایران کو تیل فروخت کرنے سے روکنے کا ارادہ رکھتا ہے تو پھر کوئی بھی تیل سے فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب اپنا تیل پہلے کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔