دفتر چھوڑیں، فیلڈ میں نکلیں، مریم نواز کا عید الاضحی پر افسروں کیلئے سخت حکم

لاہور:(نمائندہ خصوصی)”دفتر چھوڑیں، فیلڈ میں آئیں“،وزیر اعلیٰ مریم نوازنے عید الاضحی پر افسروں کو فرنٹ لائن پر رہنے کا حکم دیتے ہوئے عید انتظامات، سکیورٹی و صفائی کےلئے طویل اجلاس میں گائیڈ لائنز جاری کردیں۔

مریم نواز کی زیر صدارت عید الاضحی انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اعلی سطح اجلاس میں تمام ڈی سیز ، ڈی پی اوز کو ٹاسک تفویض کر دئیے گئے،ڈی سی ،رڈی پی اوز پر واضح کیاگیا عید الاضحی پر انتظامات بے مثال ہوں، کوتاہی قبول نہیں ہوگی،جانوروں کی باقیات ،آلائشیں گلی،محلے، ڈرین اور نہروں میں پھینکنے پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے جانورصرف مقررہ کیٹل مارکیٹوں میں فروخت کرنے کی پابندی پر عملدرآمد ،مجاز علاقوں میں مویشیوں کی خرید و فروخت پر کارروائی ،کیٹل مارکیٹ اور بازاروں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ و ویجیلنس آپریشن ،کیٹل مارکیٹوں میں مویشی چوری ، ڈکیتی کے واقعات کےلئے سخت سکیورٹی انتظامات و ممنوعہ جماعتوں پر کھالیں اکٹھی کرنے کی پابندی یقینی بنانے کاحکم دےدیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کھالیں جمع کرنے کےلئے کیمپ پر لاوڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہوگی،حساس مقاما ت پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات و مسلسل کومبنگ آپریشن ،اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔

مریم نواز نے عید الاضحی آپریشن کے دوران صفائی میں پہلے نمبر پر آنے پر انعام واکرام کا اعلان ،بس سٹینڈز ،بسوں پر کرایہ نامے آویزاں کرنے ،واسا ز کو عید ایام میں واٹر سپلائی کی بلا تعطل فراہمی،ایئرپورٹ کے قریب ڈمپنگ سائٹس ڈھانپنے ،صوبے بھر میں عارضی جھولوں پر پابندی،پارک کے جھولوں کی سکیورٹی و سیفٹی چیک ،سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کے سدباب کےلئے سائبر پٹرولنگ کا حکم دےدیا۔

اعلیٰ سطح کے ویڈیولنک اجلاس میں تمام ڈی سی او رڈی پی اوز نے شرکت کی،مریم نوازنے عید ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کی صورت میں کارروائی کی وارننگ دےدی ۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز نے پی پی83کے ضمنی انتخاب میں سردار ظفر عباس بلوچ کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہابلا مقابلہ کامیابی نے ن لیگ عوامی مقبولیت پر مہر تصدیق ثبت کر دی ،نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے،ن لیگ کی حکومت نے کم سے کم مدت میں زیادہ سے زیادہ عوامی ترقیاتی منصوبوں کا ریکارڈ قائم کیا۔

مزید برآں لیگی ایم پی اے کی جانب سے اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہاکسی خاتون کو ہراساں کرنے والا قانون سے بالاتر نہیں،خاتون کو دھمکیاں دینے اور استحصال کرنےوالوں کےخلاف سخت کارروائی ہوگی،خواتین کو ہراساں کرنے والوں کو نہیں بخشوں گی،سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرکے خواتین کا استحصال ناقابل برداشت ، قانون سب کےلئے برابر ہے، کسی کو رعایت نہیں ملے گی۔

علاوہ ازیں مریم نوازنے بین الاقوامی یوم حیاتیاتی تنوع پراپنے پیغام میں کہاجنگلات و جنگلی حیات کا تحفظ ماحولیاتی توازن اور زمین پر زندگی کی بقا کےلئے ناگزیر ،ماحولیاتی توازن حیاتیاتی تنوع زمین پر زندگی کی بنیاد، قدرتی ماحول کا تحفظ سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے، صوبے میں نایاب نسل کے جانوروں ، قدرتی ماحول کے تحفظ کےلئے موثر اور دیرپا اقدامات کیے جا رہے ہیں ،غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے خصوصی فورس اور ہیلپ لائن فنکشنل،جنگلی حیات کی دیکھ بھال کےلئے پنجاب میں پہلی بار باقاعدہ وائلڈ لائف فورس میں خواتین کو بھی شامل کیا گیا ۔