بھاری ٹیکس لیکر بھی حکومت عوام کو بنیادی حقوق نہیں دے رہی: حافظ نعیم الرحمن

لاہور (نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے حکومت کی معاشی اور تعلیمی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ عوام سے پٹرول، بجلی اور دیگر بنیادی ضروریات پر بھاری ٹیکس وصول کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت تعلیم، آئی ٹی اور نوجوانوں کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کر رہی۔ موٹرسائیکل چلانے والا شخص بھی ہر لیٹر پٹرول پر 117 روپے لیوی اور 50 روپے اضافی ٹیکس ادا کر رہا ہے جبکہ بجلی کے بلوں میں بھی بے شمار ٹیکس شامل کر دیے گئے ہیں۔ جن لوگوں پر ٹیکس لاگو نہیں ہوتا ان سے بھی ٹیکس لیا جا رہا ہے، مگر ریاست اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہے۔ وہ لاہور ایکسپو سنٹر میں الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام بنوقابل گریجویشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مفت آئی ٹی تربیت کے دوران پوزیشن لینے والے طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے گئے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ ، سیکرٹری جنرل الخدمت وقاص انجم جعفری ، ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، اظہر بلال ، احمد حماد رشید،معاون خصوصی امیر جماعت عمیر ادریس، بنو قابل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال ، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے بنوقابل پروگرام سے فارغ التحصیل ہونے والے نوجوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاو¿نڈیشن کی پوری ٹیم قابل تحسین ہے جس نے نوجوانوں کیلئے امید اور ترقی کا ایک نیا راستہ کھولا۔ انہوں نے کہا کہ جب بنوقابل پروگرام کا آغاز کیا گیا تو بہت سے لوگوں نے اس پر تنقید کی، لیکن آج یہ سفر کراچی سے نکل کر پورے ملک تک پہنچ چکا ہے اور نوجوانوں کی ترقی کا یہ سلسلہ اب رکنے والا نہیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مظفرآباد کی شدید گرمی میں بھی نوجوانوں نے بنوقابل ٹیسٹ میں بھرپور شرکت کی جبکہ چترال کے پہاڑی علاقوں میں دس ہزار سے زائد طلبہ نے ٹیسٹ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ، جعفرآباد، گوادر، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، ساہیوال، ہزارہ، مردان، پشاور اور جنوبی اضلاع میں بھی پروگرام کامیابی سے جاری ہے جبکہ لورالائی میں بھی جلد پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔ گوادر میں ہونے والے پروگرام میں خواتین کی اکثریت نے حصہ لیا، جو خوش آئند بات ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بنوقابل پروگرام میں اب تک ساڑھے چودہ لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ پاس ہونے والے طلبہ مزید تعلیم حاصل کرنا چاہیں گے تو الخدمت انہیں مزید مواقع فراہم کرے گی۔ لاہور میں انکیوبیشن سینٹر ) قائم کیا جا چکا ہے، بنوقابل صرف کورسز تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کو صنعتوں سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ طلبہ کیلئے بلاسود چھوٹے قرضوں کی سکیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے تاکہ نوجوان اپنے کاروبار شروع کر سکیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک بھر میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ صرف پنجاب میں ایک کروڑ سے زائد بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ حکومت تعلیمی اداروں اور بنیادی صحت مراکز کو فروخت کر رہی ہے، کسان ناقص پالیسیوں کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ کاشتکار کو کبھی ٹماٹر کی فصل ضائع کرنا پڑتی ہے اور کبھی ٹماٹر 400 روپے فی کلو تک پہنچ جاتا ہے۔