ترقی نہیں روکی جا سکتی، خوشحالی کا سفر منزل تک پہنچے گا،فیلڈ مارشل

راولپنڈی،کوئٹہ: (بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے پروپیگنڈے ،فیک نیوز یا بیرونی سرپرستی میں دہشتگردی سے ملکی ترقی نہیں روکی جا سکتی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے اعلیٰ تربیتی معیار، فکری استعداد اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا،زیر تربیت افسروں ،اساتذہ سے خطاب کیا اور جدید جنگ کے تیزی سے بدلتے کردار پر روشنی ڈالی۔

سید عاصم منیر نے کہا افسر بدلتے جنگی تقاضوں کا موثر جواب دینے کےلئے اپنی اور جوانوں کی مسلسل تربیت یقینی بنائیں، پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور آپریشنل برتری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں،ملکی ترقی اور عروج کو پروپیگنڈے، جعلی خبروں یا بیرونی سرپرستی میں دہشتگردی کے ذریعے نہیں روکا جا سکتا۔

فیلڈ مارشل نے کہا پراکسیز و منفی پروپیگنڈے کے ذریعے ملکی ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنےوالی دشمن قوتیں ریاست کی مضبوطی اور عوامی اتحاد کے باعث ناکام ہوں گی،پائیدار ترقی عوام دوست حکمت عملی اور بہتر طرز حکمرانی کےساتھ موثر سکیورٹی اقدامات سے مشروط ہے۔

سید عاصم منیر نے ابھرتی ٹیکنالوجیز، ملٹی ڈومین آپریشنز، تینوں افواج کے درمیان ہم آہنگی و مستقبل کے جنگی چیلنجز سے باخبر رہنے کی اہمیت پر بھی زور دیا،بلوچستان میں تعینات فارمیشنز افسروں اور جوانوں سے ملاقات میںبلوچستان میں پائیدار امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے بلوچستان حکومت کی سماجی و معاشی بہتری ،ریاست و عوام کے درمیان تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔

فیلڈ مارشل نے کہاعوام کی بھلائی کو مدنظر رکھ کر طویل المدتی ترقی،بلوچستان میں سکیورٹی اقدامات کےساتھ حکمرانی و ترقی اہمیت رکھتی ہے،پاکستان نے دنیا میں بلند مقام حاصل کرنا ہے، ترقی و خوشحالی کا سفر منزل تک پہنچے گا۔