اماراتی نیوکلیئر پلانٹ پر حملہ خطرناک،فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں:پاکستان

اسلام آباد (بیورورپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر انرجی پلانٹ پر ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت ، یو اے ای کی برادر عوام اور حکومت کےساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے،دفتر خارجہ کے مطابق جوہری تنصیبات کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا بین الاقوامی قانون، بین الاقوامی انسانی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر ،بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے قوانین و قراردادوں میں درج جوہری تحفظ اور سلامتی کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے، جوہری تنصیبات کو کسی بھی حالت میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے، غیر ذمہ دارانہ کارروائیاں انسانی جانوں، ماحولیات اور علاقائی و عالمی امن و سلامتی کےلئے تباہ کن اور ناقابل تلافی نتائج کا باعث بن سکتی ہیں،ترجمان کے مطابق شہری جوہری انفراسٹرکچر کے تحفظ اور اس کی حرمت کو بین الاقوامی سطح پر ایک مسلمہ اصول کی حیثیت حاصل ہے، جسے ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے،پاکستان نے تمام فریقین پر زور دیا وہ زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں، بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور ایسے اقدامات سے گریز کریں جو خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہوں،اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے مطابق مذاکرات اور سفارتکاری ہی خطے میں دیرپا امن، استحکام اور کشیدگی میں کمی کا واحد قابل عمل راستہ ہیں۔