لاہور (مشرق نیوز) اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے منی لانڈرنگ کیس میں حیران کن انکشافات ہوئے ہیں۔ ڈاکٹر فضیلہ عباسی ایک معروف ڈرماٹولوجسٹ اور ایستھیٹیشن ہیں جو اپنے شعبے میں نمایاں مقام رکھتی ہیں اور اکثر شوز میں خوبصورتی سے متعلق موضوعات پر گفتگو کرتی نظر آتی ہیں۔
تاہم اس وقت وہ مبینہ منی لانڈرنگ کے دو مختلف کیسوں میں تحقیقات کی زد میں ہیں جبکہ اسلام آباد کی سیشن عدالت نے ان کی عبوری ضمانت بھی منسوخ کر دی ہے۔ ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے خلاف ایف آئی اے دو مقدمات میں تحقیقات کر رہی ہے، جن میں ان کے بینک اکاونٹس میں غیر معمولی ٹرانزیکشنز سامنے آئی ہیں۔
نجی ٹی وی کے اینکر پرسن جنید سلیم نے بھی اپنے وی لاگ میں ان مالی معاملات سے متعلق کچھ اہم تفصیلات شیئر کی ہیں۔ جنید سلیم کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے 22 بینک اکاونٹس کے ذریعے تقریباً 25 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ڈاکٹر فضیلہ عباسی نے اپنے اکاونٹس سے بڑے پیمانے پر رقوم منتقل کیں جن میں سے ایک اکاونٹ وہ اپنے بھائی اور والدہ کیساتھ مشترکہ طور پر استعمال کرتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں واقع انکا کلینک بھی رجسٹرڈ نہیں ہے، مزید یہ کہ انہوں نے اپنے ڈرائیورز اور دیگر ملازمین کے نام پر چیکوں کے ذریعے ادائیگیاں بھی کیں۔حیران کن طور پر انہوں نے اپنی سالانہ آمدن صرف 4 سے 6 لاکھ روپے ظاہر کی جبکہ 25 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز کی وضاحت فی الحال نہیں دے سکیں۔
اداکارہ حمزہ عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر 25 ارب کی منی لانڈرنگ کے الزامات



















